سینٹ کی قائمہ کمیٹی کا چیئرمین محسن عزیز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس

میںاجلاس ، اجلاس میں وزارت پٹرولیم، اوگرا، پی ایس او اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی شرکت ، پی ایس او، اوگرا اور آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز نے پاکستان سٹیٹ آئل میں آئل ٹینکرز کی لمبی قطاروں کے مسئلہ کے حل کیلئے اپنا اپنا مؤقف پیش کیا

جمعہ 19 اپریل 2019 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین محسن عزیز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں وزارت پٹرولیم، اوگرا، پی ایس او اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس او، اوگرا اور آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز نے پاکستان سٹیٹ آئل میں آئل ٹینکرز کی لمبی قطاروں کے مسئلہ کے حل کیلئے اپنا اپنا مؤقف پیش کیا۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ متعلقہ قواعد پر عمل کرنے والے آئل ٹینکرز کیلئے پی ایس او کی طرف سے 2 اور قواعد پر عمل نہ کرنے والے آئل ٹینکرز کیلئے ایک قطار کی اجازت ہونی چاہئے۔ درہ آدم خیل سب ڈویژن کوہاٹ کو قدرتی گیس کی فراہمی سے متعلق کمیٹی کو بتایا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے ایس این جی پی ایل کو ٹل اور ملحقہ علاقوں میں گیس کے منصوبے پر کام سے پہلے خیبرپختونخوا میں کسی دوسرے منصوبے پر کام کرنے سے روک رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ای سی سی نے ٹل منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کی سفارش کی ہے اور کابینہ جلد اس کی توثیق کر دے گی۔ کمیٹی کو مالی سال 2019-20ء کیلئے پٹرولیم ڈویژن کی پی ایس ڈی پی کی سکیموں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے سینئر سپروائزر ڈسٹری بیوشن ریکارڈ چارسدہ فخر عالم خان کی برطرفی کے معاملہ کا بھی جائزہ لیا اور وزارت اور ایس این جی پی ایل کو ہدایت کی کہ عدالت میں اس معاملہ پر مقدمہ کی پیروی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اگر وہ اپنے ساتھی پر تشدد کے واقعہ میں ملوث نہیں ہے تو ریلیف دیا جانا چاہئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں