شاعرِمشرق علامہ محمد اقبالؒ کی اکیاسیویں برسی کی مناسبت سے نظریہ پاکستان کونسل اسلام آبادکے زیرِ اہتمام مشاعرے اور تصویری نمائش کا اہتمام

پیر 22 اپریل 2019 17:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) شاعرِمشرق علامہ محمد اقبالؒ کی اکیاسیویں برسی کی مناسبت سے نظریہ پاکستان کونسل اسلام آبادکے زیرِ اہتمام فکرِ اقبال کے موضوع پر ایک فکر افروز لیکچر، علامہ اقبال کی شخصیت اور فن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے مشاعرے اور تصویری نمائش کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں معروف اقبال شناس دانشور پروفیسر ڈاکٹر ایوب صابر نے "اقبال کا تصورِ زمان "کے موضوع پر دیئے گئے لیکچر میں کہا کہ وقت ہر قسم کے انسانی تعین سے آزاد ایک لامحدود تصور ہے جس کے ایک طرف ازل اور دوسری جانب ابد کا لامتناہی سلسلہ ہے۔

انہوںنے کہا کہ اقبال وقت کے تصور کو تقدیر اور خودی کے ساتھ جوڑکر ہمیں خوش عملی، تازہ کاری، سخت کوشی اور صالحیت کا درس دیتے ہیں تاکہ ہم انسانِ کامل کے مثالئے کو سامنے رکھتے ہوئے خود کو بہتر سے بہتر انسان بنا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انفرادی خودی فرد کو اور اجتماعی خودی قوم کومضبوط کرتی ہے جس کے لئے فکرِ اقبال سے روشنی حاصل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

اس فکری نشست کی صدارت کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر نعیم غنی نے کی جبکہ معروف دینی سکالر اور شاعر سید ثاقب اکبر مہمانِ خصوصی تھے۔ انجم خلیق نے نشست کی نظامت کی ۔ اس موقع پر کونسل کے ماہانہ فکری و ادبی سلسلے نقطہ نظر کے تحت 'بیادِ اقبال' شعری نشست میں طارق نعیم، وفا چشتی، عتیق احمد چشتی، سائل نظامی، حیدر فاروق، شیدا چشتی، اور ناصر عقیل نے اپنا کلام پیش کیا جبکہ سول سوسائٹی کے علاوہ وزارتِ تعلیمات کے تحت اکادمی برائے ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ منیجمنٹ کے ازیرِ تربیت ملک بھر سے آئے ہوئے اساتذہ کے وفد نے خصوصی طور پر شرکت کی اور فکری نشست کے علاوہ شاعرِ مشرق کی زندگی پر مشتمل تصاویر اور اُن کے کلام سے مزین مصورانہ خطاطی کی نمائش بھی دیکھی جو 26 اپریل تک جاری رہے گی۔

مہمان وفد کو کونسل کی فروغِ پاکستانیت پر مشتمل مطبوعات اور قائداعظم کے ارشادات پر مبنی پوسٹر پیش کئے گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں