اسلام آباد اور راولپنڈی کی ماتحت عدلیہ کے ملازمین نے مراعات کی عدم ادائیگی پر چیف جسٹس آف پاکستان کو درخواست دیدی

پیر 22 اپریل 2019 18:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) اسلام آباد اور راولپنڈی کی ماتحت عدلیہ کے ملازمین نے مراعات کی عدم ادائیگی پر چیف جسٹس آف پاکستان کو درخواست دیدی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2007 میں عدالتی پالیسی ساز کمیٹی نے پاکستان کے ججز اور سٹاف کو جوڈیشل الاؤنس، یوٹیلیٹی الاؤنس، اسپیشل جوڈیشل الاؤنس دینے کی منظوری دی تھی تاہم راولپنڈی اسلام آباد کی ماتحت عدلیہ تاحال ان مراعات سے محروم ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹس ملازمین کے حق میں فیصلہ دے چکی ہیں،سندھ کی ماتحت عدلیہ اور جوڈیشل ٹربیونل ملازمین 2010 سے مراعات لے رہے ہیں،لاہور، ملتان، فیصل آباد، گجرانوالہ، بہاولپور، سرگودھا کے خصوصی عدالتوں کے ملازمین ان الاؤنسز سے مستفید ہورہے ہیں، اسلام آباد میں بھی متعدد ٹریبیونل کے ملازمین ان مراعات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں،خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کی خصوصی عدالتوں کے ملازمین بھی مراعات لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الاؤنس نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین سخت پریشانی کا شکار ہیں،کم تنخواہوں کی وجہ سے گھریلو اخراجات پورا کرنا مشکل ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ 2014 میں راولپنڈی اسلام آباد ماتحت عدلیہ ملازمین کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے اور سپریم کورٹ میں 2015 سے درخواست زیر التوا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزارتِ قانون اور وزارت خزانہ نے 5 سال گزرنے کے باوجود نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا۔درخواست میں ماتحت عدلیہ اور ٹریبیونل ملازمین نے الاؤنسز کی ادائیگی کیلئے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی استدعا کی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں