خلیجی ممالک میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث اقتصادی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہوگئیں،

ان ممالک کے اپنے اقتصادی حالات خراب ہیں،مخدوم زین حسین قریشی

پیر 22 اپریل 2019 19:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زین حسین قریشی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ خلیجی ممالک میں معاشی مشکلات اور غیر ملکی کارکنوں پر ٹیکسوں کی وجہ سے ان ممالک میں ترسیلات زر بھجوانے میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ پیر کو وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے سوال پر پارلیمانی سیکرٹری خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ خلیجی ممالک میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث اقتصادی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہوگئیں۔

ان ممالک کے اپنے اقتصادی حالات خراب ہیں۔ علاوہ ازیں ان ممالک کی حکومتوں نے غیر ملکی ورکروں پر نئے ٹیکس لگوائے ہیں۔ پہلے اقامہ کی مدت تین سال تھی اب یہ مدت ایک سال کردی گئی ہے۔ اقامہ کی فیسوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ بیرونی ورکروں کے اہل خانہ پر بھی ٹیکس عائد کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہی وجوہات کی وجہ سے بہت سے پاکستانی بھی وطن واپس آرہے ہیں جس کی وجہ سے ترسیلات زر کے حجم پر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ مالی سال کے اختتام پر ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب‘ متحدہ عرب امارات‘ بحرین‘ کویت‘ قطر‘ عمان سے ترسیلات زر میں اضافے کے لئے حکومت کئی اقدامات کر رہی ہے اور ترسیلات زر کے عمل کو قانونی اور باضابطہ بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی تفصیلات سے معزز رکن کو آگاہ کیا جاچکا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں