چینی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی ،پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ماحول ہے ،چینی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے فائدہ اٹھائیں

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ،ریونیو و اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی چین کے سفیر یائو جنگ سے ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 22 اپریل 2019 23:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ،ریونیو و اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی ،پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ماحول ہے ،چینی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے فائدہ اٹھائیں ۔

وہ پیر کو یہاں چین کے سفیر یائو جنگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے مختلف شعبوں میںتعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا گیا ۔وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں ،چین ہمارا مخلص دوست ہے جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی میں چین کے کردار کو سراہا ۔چین کے سفیر یائو جنگ نے پاکستانی حکومت کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چائنیز سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، چینی سرمایہ کاروں کا پاکستانی قیادت اور پالیسوں پر اعتماد بڑھا ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ چین کی حکومت سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر عمل کو تیز کرنے کے لئے تعاون میں تسلسل کی خواہاں ہے ۔

چین کے سفیر یائو جنگ نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کے چین کے دورہ کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ وزیراعظم عمران خان کے اس دورہ سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور تعاون میں اضافہ ہوگا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں