قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے اٹھائے گئے نکات پر وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا جواب

پیر 22 اپریل 2019 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ایوان کے تمام اراکین منتخب ہو کر آئے ہیں‘ ذوالفقار علی بھٹو ایوب خان کو ڈیڈی کہا کرتے تھے‘ حسین حقانی جیسے غدار کو امریکہ میں پاکستان کا سفیر بنا کر پاکستان کی کون سی خدمت کی گئی ہے‘ قوم کو آگاہ کیا جائے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ایوان کے تمام اراکین محترم ہیں اور سارے الیکشن لڑ کر آئے ہیں۔

(جاری ہے)

تمام اراکین کو معلوم ہے کہ ووٹ کس طرح مانگے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اپنی تقریر میں جو باتیں کہی ہیں ان پر سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الذوالفقار تنظیم کس نے بنائی‘ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو ایوب خان کو ڈیڈی کہا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حسین حقانی کو ملک سے کیا محبت تھی کہ ایک غدار کو پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا۔ عمر ایوب خان کی تقریر جاری تھی کہ اس دوران پیپلز پارٹی کے ارکان حکومتی بنچوں کے سامنے جمع ہوگئے اور نعرے بازی کی جس پر سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) منگل کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں