اسلامی نظریاتی کونسل نے تہیر فاطمہ کے والد کا نام ہٹا کر ’’بنت پاکستان‘‘ لکھوانا غیر شرعی قرار دے دیا

منگل 23 اپریل 2019 19:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) اسلامی نظریاتی کونسل نے تہیر فاطمہ کے والد کا نام ہٹا کر ’’بنت پاکستان‘‘ لکھوانا غیر شرعی قرار دے دیا ہے۔ ترجمان نظریاتی کونسل کے مطابق والد کے نام تبدیل کرنے کے حوالے سے کونسل نے بحث کے بعد بل وزارت قانون کو ارسال کردیا ہے۔ کونسل کے فیصلے کے مطابق والدین کے بارے میں علم ہونے کے باوجود ان کے علاوہ کسی اور کی طرف اپنی نسبت کرنا جائز نہیں ہے۔

(جاری ہے)

لہذا زیر غور مسئلہ میں والد کا نام ہٹا کر ’’بنت پاکستان‘‘ لکھوانا شرعاً درست نہیں۔ اس طرح کی کوششوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیئے۔ یاد رہے کہ تہیر فاطمہ نامی ایک لڑکی نے سپریم کورٹ میں درخواست دی تھی کہ میرے نام کی تمام سرکاری دستاویزات میں میرے حقیقی والد ’’شاہد ایوب‘‘ کا نام ہٹا دیا جائے اور اس کی جگہ ’’بنت پاکستان‘‘ لکھ دیا جائے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اس کیس کے بارے میں میڈیا میں بہت سی رپورٹیں آچکی ہیں۔ چونکہ اس کیس کا تعلق قانون اور شریعت دونوں سے تھا اس لیے کونسل نے ازخود اس پر غوروخوض کے بعد شرعی مؤقف واضح کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں