ہزارہ برادری کی طالبہ کو امریکہ میں اسکالرشپ دے دی گئی

منگل 23 اپریل 2019 23:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) ہاورڈ میڈیکل اسکول کی طرف سے پاکستان کے صوبے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ہزارہ برادری کی طالبہ ثنا بتول کو پاول اینڈ ڈیزی سورس فیلوشپ فار نیو امریکن کے تحت اسکالرشپ دی گئی ہے۔ثنا ء بتول کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی ہزارہ برادری کی واحد لڑکی ہے جسے امریکہ کے میڈیکل اسکول میں داخلہ دیا گیا ہے اور وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہزارہ برادری کیلئے خدمات انجام دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

ثناء بتول اپنے اہلخانہ سمیت 2013 میں امریکہ نقل مکانی کر گئی تھیں۔ انہوں نے وہاں میڈیکل اسکول میں داخلہ لیا اور انگلش زبان پر گرفت نہ ہونے کے سبب انہیں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ثنا ء بتول نے بیک وقت انگلش سیکھی، بائیوکمیسٹری میں بی اے کیا اور کپڑے سلائی کر کے گھر والوں کا ہاتھ بھی بٹاتی رہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے ایک لیبارٹری میں ملازمت اختیار کرلی اور پڑھائی بھی جاری رکھی۔

ہزراہ برادری سے تعلق رکھنی والی ثنا بتول کے بائیو کیمسٹری پر پانچ مکالے بھی چھپ چکے ہیں۔پاول اینڈ ڈیزی سورس فیلوشپ فار نیو امریکن پروگرام کے تحت 2019 کی کلاس میں دنیا بھر سے 30 طلبا کو منتخب کیا گیا ، رواں برس 1767 طلبا نے اس فیلوشپ کیلئے اپلائی کیا تھا۔ منتخب کیے گئے طلبہ کو دو سال کے عرصے میں 90 ہزار امریکی ڈالر اور دو سال کی تعلیم مفت فراہم کی جائیگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں