قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے مختلف تعلیمی اداروں میں 1840 کردار سازی کی انجمنیں قائم کیں

منگل 23 اپریل 2019 23:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے مختلف تعلیمی اداروں میں 1840 کردار سازی کی انجمنیں قائم کی ہیں جو نوجوانوں میں کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کریں گی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان منگی نے اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب راولپنڈی نے اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک کی مختلف یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں میں سیمینارز کا اہتمام کیا ہے جن کے ذریعے نوجوانوں میں کرپشن کے خلاف آگاہی فراہم کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کردار سازی کی انجمنوں کے ذریعے تقریری، مضمون نویسی، پوسٹر سازی اور مصوری کے مقابلے کرائے گئے ہیں۔ اجلاس میں کرپشن کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے جامع حکمت عملی اور اس سلسلے میں مختلف سرگرمیوں کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نومبر میں تحصیل اور اضلاع کی سطح پر لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ جہلم کے تمام سکولوں میں تربیتی پروگرام پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے اور کرپشن کے خلاف آگاہی مہم بھرپور طریقے سے چلائی جا رہی ہے۔ اجلاس میں کردار سازی کی انجمنوں کی رجسٹریشن کے فارمز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اے اینڈ پی عبید اللہ عزام، ایڈیشنل ڈائریکٹر اے اینڈ پی آفتاب احمد خان، مس جولیا برکت اور اسلام آباد، چکوال، اٹک اور جہلم کے محکمہ تعلیم کے حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں