عورت کو تعلیم کے ساتھ فنی مہارت سے آراستہ کرنے سے معاشی استحکام کا حصول آسان ہوسکتا ہے،وجیہہ اکرم

بدھ 24 اپریل 2019 13:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ اکرم نے کہا ہے کہ گھر ملک اور معاشرے کی ترقی میں عورت کا کردار مثالی ہے۔عورت کو تعلیم کے ساتھ فنی مہارت سے آراستہ کرنے سے معاشی استحکام کا حصول آسان ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وومن ویلفیئر ڈویلپمنٹ سینٹر میں منعقدہ نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہاکہ اسلام نے سب سے پہلے عورت کو اہم مقام دیا، معاشرے میں بگاڑ مذہب سے نہیں بلکہ معاشرتی برائیوں کی وجہ سے ہے،اسلام نے عورتوں کو وراثت کا حق دیا،اس وقت ملک میں عورت کے خلاف جو رسومات پائی جاتی ہیںان کی وجہ یہاں رچے بسے ہندوانہ ثقافت کے اثرات ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ عورتوں کو ہنرمند بنانے میں مرکز ترقی خواتین کا کردار لائق تحسین ہے اس وقت 25 سکلز کی تربیت دی جارہی ہے اور اس مرکز سے جو بچیاں ہنرمند ہو کر نکل رہی ہیں وہ مارکیٹ میں مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نمائش کا مقصد ہنر مند خواتین کی حوصلہ افزائی اور ان کو معاشی طور پہ بااختیار بنانا ہے اور معاشرے میں مثبت سوچ کو پروان چڑھانا ہے کہ ہنر مند خواتین ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نے ادارے کو مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ادارے کی انچارج عصمت آفریدی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ 1993ء سے کام کررہا ہے اس وقت سلائی کڑھائی کے 3 شعبے تھے اور ڈیڑھ سو طالبات سالانہ کے ساتھ شروع ہوا اور اب آئی ٹی، آرٹس کرافٹس،کیلی گرافی ،کینڈل میکنگ، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، ہوم آرٹس، گلاس پینٹنگ سمیت 25 شعبوں پہ مشتمل دو ہزار سالانہ طالبات کا حامل فعال کردار ادا کرنے والا ادارہ بن چکا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ادارے کی ترقی میں ان کے سینئر افسران وزارت کے حکام اور سٹاف ممبران نے بھر پور کردار ادا کیا ہے۔تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری سوشل ویلفئیر رانا یوسف، نیوا ٹیک ، ممبر پیمرا،چئیر پرسن میٹرو پولیٹن کارپوریشن،چئیر پرسن گرل گائیڈز، وومین چیمبر آف کامرس اور علاقے کے یونین کونسل اور مختلف شعبہ جات سے متعلقہ خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں تقسیم اسناد و انعامات دئیے گئے جن میں علینہ اشرف، زہرہ بتول، رابعہ بی بی ودیگر کے نام شامل ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں