جاپان سماجی و اقتصادی ترقیاتی پروگرام کے تحت پاکستان کو 49 ملین ڈالر کی مالی امداد فراہم کرے گا، ٹوکیو میں معاہدے پر دستخط کئے گئے

بدھ 24 اپریل 2019 17:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) جاپان سماجی و اقتصادی ترقیاتی پروگرام کے تحت صحت اور سیکورٹی ڈویلپمنٹ کیلئے پاکستان کو 49 ملین ڈالر کی مالی امداد فراہم کرے گا۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز ٹوکیو میں ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ سپیشل سیکرٹری (ایشیاء پیسفک) احمد امتیاز اور پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینوری نے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے جاپانی ہم منصب تارو کونو بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اقتصادی و سماجی پروگرام کے تحت جاپان کی حکومت زچہ و بچہ ہیلتھ کیئر اور سیکورٹی ڈویلپمنٹ کے شعبوں کی بہتری کیلئے 49 ملین ڈالر کی مالی امداد فراہم کرے گی۔ 32 ملین ڈالر پمز میں زچہ و بچہ ہیلتھ کیئر سنٹر کے انتہائی نگہداشت مرکز اور چلڈرن ہسپتال کے توسیع جبکہ سیکورٹی کی بہتری کیلئے کارگو انسپکشن صلاحیت بڑھانے کیلئے 17 ملین ڈالر خرچ ہوں گے۔ معاہدے کے تحت پمز میں بڑھتی ہوئی ضروریات پر قابو پانے کیلئے ایک نیا وارڈ قائم اور بالخصوص زچہ و بچہ مرکز کیلئے ضروری طبی ساز وسامان فراہم کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں