وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ ایران کے دوران صحت کے شعبے میں انتہائی اہم سمجھوتہ طے پا یا ہے،ڈاکٹر ظفر مرزا

بدھ 24 اپریل 2019 19:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ ایران کے دوران صحت کے شعبے میں پاکستان اور ایران کے مابین اشتراک پر انتہائی اہم سمجھوتہ طے پا گیا ہے جس کا مقصد بنیادی صحت کے شعبے میں بہتری لانا، عوام تک صحت کی رسائی ممکن بنانا اور متعدی امراض سے بچائو کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہے۔

یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان کی جانب سے وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا جبکہ ایران کی جانب سے وزیر صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سعید ناماکی نے دستخط کئے۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور ایران کے صدر حسن روحانی بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم عمران خان نے انہیں وزیر صحت کا عہدہ سنبھالتے ہی ایران کے دورے میں شامل کیا کیونکہ ڈاکٹر ظفر مرزا عالمی ادارہ صحت کے ایران میں نمائندے کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں اور یہ کہ صحت کے شعبے میںایران کے تجربات سے پاکستان فائدہ اٹھا سکتا ہے جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے عوام کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ملکوں میں صحت کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور بنیادی صحت کے نظام کو مزید مربوط بنایا جائے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام تک صحت کی سہولیات کی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اس بات کو سامنے رکھتے ہوئے کہ پاکستان اور ایران کے عوام مضبوط تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ دونوں ممالک کی عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔

اعلامیہ کے تحت دونوں ممالک متعدی امراض کانگو بخار، ٹی بی، ایڈز، ملیریا اور ڈینگی وغیرہ کی بین السرحدی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے۔ اس ضمن میں دونوں ملکوں کے ماہرین کوئٹہ اور ایران کے شہر ذاہدان میں مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی اہمیت کوسامنے رکھتے ہوئے دونوں ممالک نے ماں اور بچے کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو مزید بہتر بنانے پر اتقاق کیا۔

اس حوالے سے ایرانی حفاظتی ٹیکہ جات کی تکنیکی ٹیم پاکستان کا دورہ کریںگی اور حفاظتی ٹیکہ جات بالخصوص خسرہ اور پولیو مہم کا دونوں ملکوں کے سرحدی علاقوں میں جائزہ لیا جائے گا تاکہ حکمت عملی بنائی جا سکے۔ پاکستان کی ایک ماہرین کی ٹیم ایران کا دورہ کرے گی اور وہاں بنیادی صحت بالخصوص فیملی میڈیسن اور کمیونٹی ہیلتھ ورکر کے کام کا جائزہ لیا جائے گا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا دونوں ملکوں کے مابین ہیلتھ انشورنس میں معلومات کے تبادلے کے حوالے سے مشترکہ اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس وقت پاکستان میں صحت سہولت پروگرام جاری ہے جس کے تحت غریب عوام کو بھر میں معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ صحت کے شعبے میں افرادی قوت ایک بڑا چیلنج ہے اس ضمن میں دونوں ممالک مشترکہ پراجیکٹ کا آغاز کریں گے۔ معاہدے میں دونوں ملکوں کی مشترکہ کمیٹی کی منظوری دی گئی جو اعلامیے میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں