پیپلزپارٹی اقلیتی ونگ کی طرف سے دھماکوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا اہتمام

بدھ 24 اپریل 2019 23:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی اقلیتی ونگ سنٹرل پنجاب و اسلام آباد کی طرف سے ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے نیشنل پریس کلب کے سامنے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء کی طرف سے جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے شمعیں روشن کی گئیں اور پھولوں کی بتیاں نچھاور کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ دہشت گردی بین الاقوامی مسئلہ بن چکی ہے جسے ختم کرنے کے لئے بین الاقوامی قوتوں کو متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں ہونے والے اس دہشتگردی کے واقعے کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں اور سری لنکن عوام کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینٹر انور لال نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سری لنکن عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گرد دنیا بھر میںآسان اہداف کو نشانہ بنا کر معصوم افراد کی جان لے رہے ہیں۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نوید عامر جیوا نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں دنیا کو صرف امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس بے دردی سے سری لنکن چرچز میں 300 سے زائد بے گناہ افراد کو موت کی وادی میں دھکیلا گیا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے اپنے بازوں پر کالی پٹیاں باندھ رکھی تھی اور ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے جس پر دہشت گردی کی بھرپور مذمت اور دنیا میں امن کے قیام کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں