پوری دنیا اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، امن پسند افراد بھائی چارے اور اخوت کا پیغام دے رہے ہیں،

ہمیں بحیثیت قوم دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی۔ نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل ہونا چاہئے سینیٹ کے ارکان کا مذمتی قرارداد پر اظہار خیال

جمعرات 25 اپریل 2019 17:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) سینیٹ کے ارکان نے کہا ہے کہ پوری دنیا اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، امن پسند افراد بھائی چارے اور اخوت کا پیغام دے رہے ہیں۔ ہمیں بحیثیت قوم دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی۔ نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل ہونا چاہئے۔ قومی سلامتی کے امور پر پارلیمنٹ کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے۔

سری لنکا اور نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعات سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہو گئی ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور ان کی کوئی سرزمین نہیں ہوتی۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں نیوزی لینڈ، سری لنکا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے حوالے سے مذمتی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ پوری قوم کا عزم ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہونا چاہئے، نیشنل ایکشن پلان پر ہمیں عمل درآمد کے حوالے سے بریفنگ دی جائے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کے امور پر پارلیمانی لیڈر کے لئے الگ بریفنگ کافی نہیں ہے۔ سینیٹر انور لال دین نے کہا کہ ایسٹر مسیحی برادری کا تہوار تھا اور اس موقع پر سری لنکا میں دہشت گردی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ، سری لنکا، مقبوضہ کشمیر سمیت جہاں بھی دہشت گردی ہو رہی ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

سینیٹر گیان چند نے کہا کہ سری لنکا میں گرجا گھروں پر حملہ ہوا ہے، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے پوری دنیا کو باور کرایا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری دنیا ایک ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کرے گی۔ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد وزیر مملکت برائے داخلہ اور پھر وزیراعظم نے بھی وہاں کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو یکجا ہو کر اس صورتحال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک ہے۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ سری لنکا میں بہت نقصان ہوا ہے، دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر جنگ لڑنا ہوگی۔ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے لیکن امن پسند افراد بھائی چارے اور اخوت کا درس دے رہے ہیں۔

سینیٹر مشاہد الله خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ سینیٹر جہانزیب جمالدینی، سینیٹر عثمان کاکڑ اور میر کبیر شاہی نے بھی اس معاملہ پر اظہار خیال کیا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمہ اور نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں