رواں مالی سال کے دوران پاکستان ریلوے کو پچھلے مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں 3 ارب 70 کروڑ روپے کی زیادہ آمدنی ہوئی ،

ایم ایل ون اپ گریڈیشن کا منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا ایوان بالا میں جواب

جمعرات 25 اپریل 2019 18:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان ریلوے کو پچھلے مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں 3 ارب 70 کروڑ روپے کی زیادہ آمدنی ہوئی ہے۔ ایم ایل ون اپ گریڈیشن کا منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ جمعرات کو ایوان بالا میں سینیٹر محسن عزیز، رخسانہ زبیری اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی فزیبلٹی 350 ملین روپے کی ہے۔

ابتدائی ڈیزائن پر کام جاری ہے اور یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے۔ ڈیزائن مکمل ہونے پر پی سی ون تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے ٹرینوں کی رفتار اس وقت 102 سے 105 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جسے بڑھا کر 120 کلو میٹر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 11 نئی ٹرینیں چلائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2018-19ء میں ریلوے نے 39 ارب روپے سے زائد کمائے ہیں جو پچھلے مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں 3 ارب 70 کروڑ 60 لاکھ روپے زائد ہے۔

اس کے علاوہ موجودہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ریلوے خسارے میں بھی کمی آئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران ریلوے کی آمدنی 35 ارب 30 کروڑ 40 لاکھ روپے تھی۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں ایک مال بردار ٹرین چلائی، مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال میں 9 مال بردار ٹرینیں چلائیں جبکہ ہم اب تک 4 مال بردار اور 11 مسافر ٹرینیں چلا چکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں