سعودی مجلس شوریٰ کی خواتین اراکین کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے ملاقات

جمعہ 26 اپریل 2019 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) سعودی مجلس شوریٰ کی خواتین اراکین نے جمعہ کے روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش سے ملاقات کی اور جامعہ کے خواتین کیمپس میں ’’ خواتین اور امت مسلمہ کی ترقی -‘‘کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں شرکت کی۔ رکن سعودی مجلس شوریٰ لینا خالد نے کہا کہ اسلام کی عظیم خواتین نوجوان نسل کے لیے رول ماڈل ہونی چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی خواتین جو امور خانہ داری کے ساتھ ساتھ ملازمت بھی کرتی ہیں ان کی خدمت معاشرے اور عائلی زندگی میں ترقی کے لیے مثالی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے کل 150 ارکان ہیں جن میں سے 30 کی تعداد خواتین پر مبنی ہے ۔ ڈاکٹر فاطمہ فائزہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وحدت امت میں ہی بھلائی اور ترقی کا راز پنہاں ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ ایک جسد واحد کی طرح ہے اور سرخرو ہونے کے لیے مسلمانوں کو تقویٰ کے ساتھ ساتھ عورتوں کو معاشرے میں کردار ادا کرنے کے برابر مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ سیمنار سے سینیٹر نزہت صادق نے بھی خطاب کیا ، انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کریں اور اپنی سوچ کو بلند رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین جنگی پائلٹس سے لے کر کوہ پیمائی اور سیاست میں اپنا لوہا منوا چکی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عورت کا بامعنی کردار معاشرتی ترقی کی کنجی ہے ۔ تقریب سے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہ کہا کہ خواتین وہ قوت ہیں جو مسلم دنیا کی تقدیر بدل سکتی ہیں ۔ خواہ گھر ہو یا پورا معاشرہ اس کی ترقی کا انحصار عورت پر ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین با شعور اور با صلاحیت ہیں جو ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں۔

ڈاکٹر الدریویش نے سعودی خواتین ارکان مجلس شوریٰ کے عورت اور معاشرتی ترقی کے حوالے سے خیالات کی تعریف کی اور آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر خواتین کیمپس ڈاکٹر فرخندہ ضیاء نے اپنی خطاب میں موضوع کی مناسبت سے خطاب کرنے والے مقررین اور مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی کے خواتین کیمپس میں 15 ہزار سے زائد طالبات کی موجودگی امت مسلمہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ۔ تقریب کے آخر میں صدر جامعہ نے مہمانوں کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں