پاکستان تحریک انصاف کے 23ویں یوم تاسیس کی تیاریاں جاری

جمعہ 26 اپریل 2019 18:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے 23ویں یوم تاسیس کی تیاریاں جاری ہیں، مقامی انتظامیہ کی جانب سے تقریب کے انعقاد کیلئے باضابطہ این او سی بھی جاری کردیا گیا۔ یوم تاسیس کے حوالے سے تاریخی کنونشن یکم مئی کو جناح کنونشن سنٹر میں منعقد کیا جائے گا۔ جمعہ کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کا جناح کنونشن سنٹر کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی، سینٹر فیصل جاوید اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے یوم تاسیس کی تقریب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ نشستوں کی ترتیب اور مہمانان گرامی خصوصاً وزیر اعظم کی آمدورفت کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ وزیراعظم کی بطور مہمان خصوصی شرکت کے باعث سیکیورٹی کے تناظر میںتقریب میں شرکت کیلئے خصوصی پاسز جاری کرنے اورمیڈیا کے نمائندوں کیلئے خصوصی پویلین مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کی کارروائی میڈیا اور سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی جائے گی۔ ملک بھر سے تحریک انصاف کے کارکنان و رہنما یوم تاسیس کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں