ذرائع ابلاغ کی معروف شخصیات اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداران کا پاکستان بھر سے میڈیا ورکرز کو متحد کرنے اور آزادی صحافت کے لیے آواز اٹھانے کے عزم کا اظہار

جمعہ 26 اپریل 2019 18:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ذرائع ابلاغ کی معروف شخصیات اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداران نے پاکستان بھر سے میڈیا ورکرز کو متحد کرنے اور آزادی صحافت کے لئیے یکجا ہو کر آواز اٹھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات میں صحافت یہ ہے کہ اپنا کام بھی جاری رکھیں اور اپنے دفاع کے لئے راستہ بھی تلاش کریں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں مقامی ہوٹل کے زیر اہتمام آزادی صحافت کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ سیرینہ ہوٹل کے زیراہتمام ورلڈ پریس فریڈم ڈے کی تقریب میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ یو این جنرل اسمبلی نے آزادی صحافت منانے کے لئے خصوصی دن مختص کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس دن صحافیوں کے کام اور کردار کو سراہا جاتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئیر صحافی حافظ طاہر خلیل نے کہا کہ آزادی صحافت کے عالمی دن کے حوالے سے اس تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے آمریت کے تمام دور دیکھے اور سول حکومتوں کے ادوار بھی دیکھے۔ ان ادوار میں ہم نے جو مشکلات دیکھیں اس سے ہم نے یہ سیکھا کہ صحافی برادری کو اپنی بقا کے لئے خود لڑنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مشکل حالات میں صحافت یہ ہے کہ اپنا کام بھی جاری رکھیں اور اپنے دفاع کے لئے راستہ بھی تلاش کریں۔

ہمیں اپنا راستے کا خود انتخاب کرنا ہے۔ اس وقت میڈیا جن مشکلات کا شکار ہے ان مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آزادی صحافت کی جدو جہد جاری رکھیں۔ صدر نیشنل پریس کلب شکیل قرار نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں آزادی صحافت کے لئے جو تحاریک چلتی رہیں وہ اس وقت دم توڑ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت میڈیا بہت سی مشکلات کا شکار ہے، ہزاروں میڈیا ورکرز اس وقت بیروزگار ہوچکے ہیں، آزادی صحافت کے دن کو مناتے ہوئے اس وقت زیادہ ضروری ہے کہ میڈیا ورکرز کے روزگار کا تحفظ کیا جائے، اب ہمیں اپنے روزگار کی فکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہ رہے ہیں کہ پورے پاکستان سے اپنے میڈیا ورکرز کو اکٹھا کریں اور آزادی صحافت کے لئے آواز اٹھائیں۔ سابق صدر پریس کلب شہریار خان نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا اس وقت بہت سی مشکلات کا شکار ہے، میڈیا انڈسٹری کو اس وقت سہارے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سرینہ کی انتظامیہ کا اس دن کے حوالے سے تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔

سنئیر مارکیٹنگ مینیجر سرینہ حسین ایڈوانی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد صحافیوں کے کام کو سراہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا اس وقت پاکستان کے مثبت تشخص کے لئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ہم نے ارادہ کیا کہ صحافیوں کو ایک چھت کے نیچے اکٹھا کیا جائے۔ بجائے سب کو الگ الگ پیغامات بھیجے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرینہ ہوٹل کمیونٹی کی فلاح کے لئے اور ان کو سروسز مہیا کرنے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے۔ جس طرح اسکردو اور گلگت میں سرینہ ہوٹل کا قیام ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ہسٹری اور ٹورازم کو پروموٹ کیا جائے۔ہم چاہتے ہیں کہ میڈیا ہمیں سپورٹ کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں