جولائی تا مارچ کے دوران میپل لیف سیمنٹ کے بعد از ٹیکس منافع میں59.7 فیصد کی کمی

چراٹ سیمنٹ کے خالص نفع میں 25.3 فیصد اور بیسٹ وے سیمنٹ کے بعد از ٹیکس منافع میں 9.5 فیصد کا اضافہ

جمعہ 26 اپریل 2019 21:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2019ء) رواں مالی سال 2018-19 کے پہلے 9 ماہ میں جولائی تا مارچ کے دوران میپل لیف سیمنٹ کے بعد از ٹیکس منافع میں59.7 فیصد کی کمی جبکہ چراٹ سیمنٹ کے خالص نفع میں 25.3 فیصد اور بیسٹ وے سیمنٹ کے بعد از ٹیکس منافع میں 9.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنیوں کے مالیاتی اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ 2018-19 کے دوران میپل لیف سیمنٹ کا خالص منافع 1150.80 ملین روپے تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 2017-18 کے دوران کمپنی کو 2853.98 ملین روپے کا خالص منافع حاصل ہوا تھا اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 9 مہینوں کے دوران میپل لیف سیمنٹ کے بعد از ٹیکس منافع میں 1703.18 ملین روپے یعنی 59.7 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 5.09 روپے کے مقابلہ میں 1.94 روپے تک کم ہو گئی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں چراٹ سیمنٹ کے منافع میں 25.3 فیصد کے اضافہ سے کمپنی کا خالص نفع کاحجم 1795.31 ملین روپے کے مقابلہ میں 2550.03 ملین روپے تک بڑھ گیا اور کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 10.16 روپے کے مقابلہ میں 12.74 روپے فی حصص تک پہنچ گئی۔ اسی طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران بیسٹ وے سیمنٹ کے خالص منافع 8711.60 ملین روپے کے مقابلہ میں 9537.61 ملین روپے تک بڑھنے سے کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی 14.61 روپے سے 16 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں