بلوچستان میں گھریلو صنعتوں کے فروغ کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں‘ ہرنائی ‘ لسبیلہ اور بولان میں بالترتیب وولن اور ٹیکسٹائل ملز پہلے سے قائم کی گئی ہیں، پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ ملک

جمعہ 26 اپریل 2019 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2019ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں گھریلو صنعتوں کے فروغ کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں‘ ہرنائی ‘ لسبیلہ اور بولان میں بالترتیب وولن اور ٹیکسٹائل ملز پہلے سے قائم کی گئی ہیں‘ کاٹیج انڈسٹری اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر شہناز بلوچ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ ملک نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری اور ویمن امپاورمنٹ پر توجہ دی جارہی ہے‘ موجودہ حکومت گھریلو دستکاریوں اور دیگر گھریلو صنعتوں کو فروغ دینا چاہتی ہے۔

ایک ہنر ایک نگر ہمارا ہدف ہے‘ ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ مقامی کرافٹس کو ترقی دی جائے اور ان کے لئے نمائشوں کا انعقاد کیا جائے۔

(جاری ہے)

سید محمود شاہ کے ضمنی سوال پر عالیہ حمزہ ملک نے کہا کہ کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی دستکاریوں اور کرافٹس سے متعلق صنعتوں کو فروغ دیا جارہا ہے۔ اگر کہیں کام نہیں ہو رہا تو معزز رکن نشاندہی کریں‘ہم وہاں پر بھی کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی دستکاریوں اور ہنر کے فروغ کے لئے مختلف منصوبوں کا پی سی ون ہو چکا ہے۔ اسلم بھوتانی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہنر سے متعلق یونٹوں کو کھولنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس حوالے سے معزز رکن کی سفارشات کا خیر مقدم کیا جائے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں