صحت کی سہولیات کی بہتری کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ، حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر پر فوکس کررہی ہے پارلیمانی سیکرٹری نوشین حامد

ہسپتال معیار کے مطابق نہیں ہیں اور بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ ہمیں پرائمری ہیلتھ کیئر پر توجہ دینی ہوگی۔ حکومت اس پر توجہ دے رہی ہے، قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال

جمعہ 26 اپریل 2019 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2019ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات کی بہتری کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔ موجودہ ہسپتالوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی جارہی ہے‘ پی ٹی آئی کی حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر پر فوکس کر رہی ہے تاکہ بڑے ہسپتالوں پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نصیبہ چنا کے سوال پر پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ اسلام آباد کے لئے موجودہ ہسپتال ناکافی ہے کیونکہ اسلام آباد کے علاوہ دور دراز سے لوگ یہاں کے ہسپتالوں میں علاج کے لئے آتے ہیں۔

ترلائی میں سعودی حکومتکے تعاون سے ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ بھارہ کہو میں مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سنٹر بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

پولی کلینک کی اپ گریڈیشن بھی جاری ہے۔ ارجنٹائن پارک کے حوالے سے مقامی لوگوں نے سٹے لیا تھا جو ختم ہو چکا ہے‘ اب پارک کے آدھے حصے میں ملٹی سٹوری ٹاور بن رہا ہے جہاں نئی سہولیات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نئے ہسپتالوں کے لئے ساڑھے چھ ارب کا فنڈ منظور ہو چکا ہے۔

پی ایچ یوز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ برن یونٹ سے متعلق زہرہ ودود کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن پارک چند ماہ قبل خالی ہوا ہے۔ شاہدہ اختر علی کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہا کہ ہسپتال معیار کے مطابق نہیں ہیں اور بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ ہمیں پرائمری ہیلتھ کیئر پر توجہ دینی ہوگی۔ حکومت اس پر توجہ دے رہی ہے۔ گزشتہ حکومتوں نے صحت پر کم بجٹ مختص کیا۔

موجودہ حکومت ہیلتھ / SIN ٹیکس لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ میں کیموتھراپی کو شامل کیا گیا ہے۔ مہناز اکبر عزیز کے ضمنی سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ ہسپتالوں کا باقاعدگی سے دورہ کرتی ہے۔ کم بیشی ہے لیکن پمز میں دو ایم آر آئی اور دیگر مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ شمیم آراء کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مقامی ہسپتالوں میں دل کے امراض کی سہولیات موجود ہیں۔ الگ سے کارڈیالوجی کا کوئی ہسپتال نہیں ہے‘ پمز اور پولی کلینک میں سہولیات دی جائیں گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں