رمضان ہمیں قرآن کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے،اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کی تربیت دیتا ہے، میاں اسلم

پیر 20 مئی 2019 15:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ رمضان ا لمبارک نزول قرآن کا مہینہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی نائن میں تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی مملکت کے شہری ہونے کے ناطے عوام کا حق ہے کہ انہیں اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کے مواقع مہیا کئے جائیں جہاں ان کے عقائد و نظریات کا تحفظ ہو۔

میاں محمد اسلم نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں قرآن کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کی تربیت دیتا ہے تاکہ سال کے باقی 11 ماہ میں بھی اسی ذوق و شوق کے ساتھ اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قران کا پڑھنا، سمجھنا اس پر عمل کرنا اوراس کے قوانین کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرنا امت کے ہر فرد پر واجب ہے۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا انعام ہے جو 27ویں رمضان کو معرض وجود میں آیا، اس لئے پاکستانی قوم پر دہری ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں قرآن کے نظام کے نفاذ کے عہد کو پورا کریں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں