سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اپنے بائی لاز پر عملدرآمد کرانے میں ناکام

وال چا کنگ کرنے والے خود اسے ختم کر دیں ، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی، ڈی ایم اے

پیر 20 مئی 2019 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی کو قائم رکھنے والے ادارے سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اپنے ہی بنائے گئے بائی لاز پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہو گئے۔ شہر کے مختلف سیکٹروں میں واقع سرکاری عمارات و رہائشی علاقوں، دفاتر، گھروں اور تعلیمی اداروں کی دیوراوں پر دیواری تشہیر (وال چاکنگ) کے خلاف تاحال تادیبی کارروائی کرنے میں ناکام ہیں۔

سیکٹر ایچ نائن، جی سکس، جی ٹین اور آئی نائن میں واقع ہفتہ وار بازاروں، سیکٹر ایچ 11 اور ایچ ایٹ میں واقع قبرستان کے دفاتر کی اندورنی اور بیرونی دیواروں پر سی ڈی اے مزدور یونینز کے اہلکاروں کی طرف سے کی گئی وال چاکنگ ختم نہیں کی گئی۔ مذکورہ وال چاکنگ میں سی ڈی اے ملازمین کے نام، انتخابی نشان اور دیگر پارٹیوں کے حامی افراد کے نام جلی حروف میں تحریر ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ شہر کے مختلف سیکٹروں میں موجود فلٹریشن پلانٹس پر بھی سی ڈی اے ملازمین کی طرف سے وال چاکنگ کی گئی ہے۔ سی ڈی اے ذرائع کے مطابق سی ڈی اے یونین کے انتخابات کو ہوئے ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر چکا ہے مگر سی ڈی اے یونین ممبران کی طرف سے وال چاکنگ کو صاف نہیں کیا گیا، تاحال وال چاکنگ کے خلاف کوئی مؤثر حکمت عملی مرتب کی گئی نہ وال چاکنگ کے مرتکب افراد کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی کی جا سکی۔ اس حوالہ سے رابطہ کرنے پر ڈی ایم اے (ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمینسٹریشن) حکام کا کہنا تھا کہ وال چاکنگ پر پابندی ہے جن لوگو ں نے وال چا کنگ کی ہے ان کو چاہئے کہ خود ہی وال چاکنگ ختم کر دیں ورنہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں