سپریم کورٹ نے بوگس بلوں کی وصولی اور جعلی فارمز کے ذریعے مختلف افراد کو بھرتی کرنے کے مرتکب ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی

منگل 21 مئی 2019 17:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) سپریم کورٹ نے بوگس بلوں کی وصولی اور جعلی فارمز کے ذریعے مختلف افراد کو بھرتی کرنے کے مرتکب ملزم کی جانب سے اپنی ضمانت کیلئے دائردرخواست خارج کر دی ہے۔ منگل کوجسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، یادرہے کہ ملزم محمد وقاص انجم پر قومی خزانے کو چار کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام تھا جس کے بعد اسے گرفتارکیا گیا، سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نیب نے پیش ہوکرعدالت کوملزم کے بارے میں آگاہ کیا کہ ملزم وقاص نے جعلی اوربوگس فارمز کے ذریعے جعلی بھرتیوں کاارتکاب کرکے قومی خزانہ کوکروڑوں روپے کانقصان پہنچایا ہے۔

ملزم وقاص کے وکیل کریم الدین خلجی نے عدالت کے سامنے موقف اپنایاکہ جو ریکارڈ کمپیوٹر پر دستیاب تھا اس کے مطابق بھرتیوں کی منظوری دی گئی ہے ، جس پرجسٹس شیخ عظمت سعید نے ان سے کہاکہ اگریہ بات ہے تو کیا آپ کو چھوڑ کر کمپیوٹر کو سزا دیدی جائے ،سوال یہ ہے کہ یہ بات کہا ں لکھی ہے کہ امیدواروں کی تصدیق نہیں کرنی بلکہ صرف کمپیوٹر کوہی دیکھنا کافی ہے کمپوٹر پر ریکارڈ تو 7 سال کابچہ بھی دیکھ سکتا ہے ،اگرکمپیوٹر کوہی دیکھناہے توپھر 17 گریڈ کے افسر کورکھنے کی کیا ضرورت تھی۔

(جاری ہے)

بعدازاں عدالت نے ضمانت کیلئے ملزمان کی جانب دائر درخواست خارج کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں