سمارٹ فونز کا زیادہ استعمال بچوں کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے جو کینسر کا باعث بن سکتا ہے،

معروف معالج ڈاکٹر اکرام الحق نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

بدھ 22 مئی 2019 18:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) سمارٹ فونز کا زیادہ استعمال بچوں کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے جو کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔ یہ بات معروف معالج ڈاکٹر اکرام الحق نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ بڑوں کے مقابلے میں بچوں کے دماغ مائیکروویو ریڈی ایشنز زیادہ جذب کرتے ہیں، سمارٹ فونز کے زیادہ استعمال سے بچوں میں نیند کی کمی، برین ٹیومر اور نفسیاتی مسائل جنم لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمارٹ فونز کے زیادہ استعمال سے ہماری باڈٖی پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں خاص طور پر بچوں کی بڑھوتری کے دوران اس کا استعمال مستقبل میں برین کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔ ڈاکٹر اکرام الحق نے موبائل فون کے استعمال کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے متعلق بتایا کہ اگرچہ وائرلیس فون اب ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی جزو بن گئے ہیں مگر اس کا کم سے کم استعمال ہمارے لیے بہتر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ موبائل فون کا کان سے دور رکھ کر استعمال صحت کے لیے بہتر ہو جو خطرات کو 1ہزار فیصد کم کر دیتا ہے۔ڈاکٹر اکرام الحق نے بتایا کہ بیلجیم ،فرانس،جرمنی اور دیگر ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے والے ممالک کی طرح حکومت پاکستان کو ایسے قوانین پاس کرنے چاہیے اور وارننگ جاری کرنی چاہیے کہ وائر لیس فونز کا بچوں کے ہاتھوں استعمال ان کی صحت کے لیے مضر ہے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل فون کو پائوچ،پرس،بیگ یا بیک پیک میں رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایسی ڈیوائسز کو حاملہ خواتین سے دور رکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے شعبہ یا بچوں کو دودھ پلانے کے دوران خواتین کو موبائل فون کا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو موبائل فون کا بہتر استعمال کے متعلق سیکھنا چاہیے اور بچوں کو ان کے بیڈ رومز میں موبائل کے استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دینی چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں