بیرسٹر فہد ملک قتل کیس، ملزم راجہ ارشد کی ٹرائل کورٹ سے ضمانت کے فیصلے پر معطلی برقرار ،آئندہ سماعت پر فریقین سے دلائل طلب

بدھ 22 مئی 2019 21:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس میں ملزم راجا ارشد کی ٹرائل کورٹ سے ضمانت کے فیصلے پر معطلی برقرار رکھتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے دلائل طلب کرلئے ہیں، مقتول کی والدہ کے بعد مدعی مقدمہ نے بھی ملزم کی ضمانت منسوخی کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مقتول بیرسٹر فہد کی والدہ کی جانب سے ملزم راجا ارشد کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ مدعی مقدمہ طارق ملک نے بھی ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کر دی ہے جس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا پہلے والی درخواست کا کیا کریں ملزم کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پرانی درخواست غیر موثر ہو چکی ہے لہٰذا خارج کی جائے ۔ ہمیں لگتا ہے درخواست گزار کے وکیل خواجہ نوید کل ایک اور درخواست لے آئیں گے ۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا اور ہمیں یہ لگتا ہے خواجہ نوید صاحب کہیں گے ان کی درخواست اصل ہے جس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے، بعد میں عدالت نے دونوں درخواستوں پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں