پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین مختلف دالوں کے جامع اور مسابقتی چین کو ترقی دینے کے ضمن میں ذیلی انتظامات کے حوالہ سے یادداشت پر دستخط

پیر 27 مئی 2019 17:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) پاکستان اور آسٹریلیا نے مختلف دالوں کے جامع اور مسابقتی چین کو ترقی دینے کے ضمن میںذیلی انتظامات کے حوالہ سے یادداشت پر دستخط کردیئے۔ یادداشت پر دستخطوں کی تقریب پیر کو یہاں منقعد ہوئی۔ اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری نور احمد اور پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مار گریٹ ایڈمسن نے معاہدے پر دستخط کئے۔

اس یادداشت کا مقصد پنجاب اور سندھ میں مختلف دالوں مثلاً چنا، دال مونگ وغیرہ کے مسابقتی ویلیو چین کو ترقی دینا ہے جبکہ اس اثرات خیبرپختونخوا تک بھی وسیع ہوں گے۔ اس منصوبے پر تین سالوں میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ آسٹریلیا کی طرف سے یونیورسٹی آف تسمانیہ جبکہ پاکستان کی طرف سے زرعی تحقیقاتی کونسل، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، کامسیٹ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور سندھ ایگری کلچر یونیورسٹی یادداشت پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس معاہدے کے تحت آسٹریلیا چار لاکھ 78 ہزار 825 آسٹریلوی ڈالر جبکہ پاکستان ایک لاکھ 58 ہزار 171 آسٹریلین ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔ پاکستان میں دالوں کی صنعت کا بنیادی ڈھانچہ ابھی زیر تعمیر ہے، پاکستان کی حکومت نے حال ہی میں دالوں سے متعلق تحقیق میں زیادہ سرمایہ کاری کی سفارش کی ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی حکومت نے مختلف دالوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے منصوبے بھی شروع کئے ہیں۔ اس منصوبہ سے مختلف دالوں کے جامع اور مسابقتی چین کو ترقی دینے کے ضمن میں مسائل، چیلنجوں اور مواقع کے بارے میں معلوم ہو سکے گا۔ منصوبہ سے زراعت کی ترقی کے لئے حکومت کے وژن کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں