جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے پی ٹی آئی کا اہم قدم ، پاکستان تحریک انصاف کی الگ صوبے کی سطح کی تنظیم قائم کرنے کا اعلان

ہفتہ 15 جون 2019 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی الگ صوبے کی سطح کی تنظیم قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس بات کا فیصلہ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی کی وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات میں کیا گیا۔ہفتہ کو مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کی تنظیمِ نو کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ سیف اللہ خان نیازی نے ملک بھر میں تنظیم سازی کے حوالے سے کئے جانے والے ہوم ورک پر وزیراعظم کو مفصل بریفنگ بھی دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے چیف آرگنائزر کو محنتی اور وفادار کارکنان کو تحریکی ذمہ داریاں سونپنے کی خصوصی ہدایت کی۔ سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے عوام کے سیاسی و انتظامی حقوق کیلئے خصوصی طور پر متحرک ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے صوبے کی سطح کی تنظیم قائم کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان سے ہدایات لی ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف و وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں جنوبی پنجاب کیلئے صوبے کی سطح کی تنظیم سازی کریں گے۔تحریک انصاف کی یہ تنظیم جنوبی پنجاب کے عوام کی بہبود کا ایجنڈا آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں تنظیم سازی کا عمل بھی جلد مکمل کرلیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں