گورو ارجن دیو جی کے جوڑ میلہ کی مرکزی تقریب میں سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

بھارت کا سکھ یاتریوں کو ان کے مذہبی مقامات پر جانے سے روکنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اعجاز عالم کا تقریب سے خطاب

پیر 17 جون 2019 12:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) سکھ مذہب کے پانچو یں گورو ،گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ)کی مرکزی تقریب میں سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستان میں بسنے والی سکھ برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر حکومت کو سراہا۔ترجمان متروکہ وقف املاک کے مطابق گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ)کی مرکزی تقریب گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد ہوئی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا کہ بھارت کا سکھ یاتریوں کو ان کے مذہبی مقامات پر جانے سے روکنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس سے اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو رہا ہے ۔جبکہ ہمارے وزیر اعظم عمران خان مسلسل امن اور بھائی چارے کا پیغام دے رہے ہیں ،تاکہ خطہ میں خوشحالی آئے ۔

(جاری ہے)

اور یہاں کے بسنے والے افراد سکھ اور چین کی زندگی بسر کر سکیں ۔

چیئرمین متروکہ وقف املا ک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد نے کہاکہ ہم مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، بابا گورو نانک نے سکھ مسلم دوستی کے رشتے کی جو بنیاد رکھی تھی ہم اسے مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے کام کریں گے ۔ اقلیتوں کی خدمت کرنا ہمارا دینی اور آئینی فریضہ ہے ۔ہم حکومت پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کے احکاما ت کی روشنی میں دن رات اقلیتوں کی خدمت میں مصروف ہیں ۔

سکھوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور ان کی تزئین وآرائش اور خوبصورتی میں اضافہ کے اقدامات جاری ہیں ۔میزبانی سنت رسول ؐ ہے جسے بخوبی نبھانے کے لیے کسی قسم کی کوئی کمی یا کوتاہی نہ ہو گی ،چیئرمین بورڈ نے مزید کہاکہ ٹرسٹ بورڈ کی اراضی پر قابض ناجائز قابضین کے خلاف قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی شخص کو بھی سکھوں اور ہندئووں کی املاک و پراپرٹی پر ناجائز قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا اور اس کی روک تھام کے لیے مزید سخت انتظامات کیے جائیں گے ۔

پاکستان سکھ گورو دواہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہاکہ حکومت پاکستان سکھ قوم کے لیے بہترین فلاحی اقدامات کر رہی ہے جس پر ہم ان کے بے حد شکر گذار ہیں اور چیئرمین بورڈ کے اقدامات بھی قابل تعریف ہیں ۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ بابا گورو نانک کے نام سے منسوب یونیورسٹی جلد پایاء تکمیل تک پہنچے گی کرتار پور راہداری کے اقدام کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔

تقریب سے ہندو رہنماء ڈاکٹر منور چاند ،سہیل رضا ، سیکرٹری بورڈ طارق وزیر ڈپٹی سیکرٹری عمرا ن گوندل فراز عباس، پی آر او عامر حسین ہاشمی، فضل ربی سمیت دیگر اقلیتی رہنمائو ں اور بورڈ افسران کی بڑ ی تعدادنے شرکت کی ۔ترجمان بورڈ کے مطابق بھارت واہگہ بارڈر کے راستے پیدل آنے والے راگی سنگھ جتھہ کے ارکان اپنی یاترا مکمل کر کے واپس روانہ ہوں گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں