اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس، وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی اجلاس کو بریفنگ

پیر 17 جون 2019 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر میں آواز کی بندش مس میچ آف ٹیکنالوجی تھا ،وزیراعظم کی تقریرریکارڈنگ ایچ ڈی میں تھی اور پی ٹی وی کا نظام ایس ڈی تھا،آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کیلئے پی ٹی وی کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی۔

وہ پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کو وزیراعظم کی 11جون سے متعلق تقریر میں آواز کی بندش سے متعلق بریفنگ دے رہی تھیں ۔قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین جاوید لطیف نے کی ۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم اپنی تقریر میں قوم سے مخاطب ہوتے ہیں جس میں تقریر کا ایک ایک لفظ اہم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ کے روز وزیراعظم قوم سے بات کرنا چاہتے تھے لیکن اپوزیشن کے رویئے کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے پبلک سروس میسیج بنی گالا میں ریکارڈ کروایا،وزیراعظم کے پبلک سروس میسیج میں مواد زیادہ تھا،ہم نے یہ میسیج بھی نہیں دیا تھا کہ وزیراعظم کی تقریر سوا نو بجے نشر کی جائے گی،ذرائع سے غلط خبر نشر کر دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنا ہو گا کہ پی ٹی وی کو اب تک ایچ ڈی ٹیکنالوجی پر کیوں نہیں لایا جاسکا۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم کی تقریرریکارڈنگ ایچ ڈی میں تھی اور پی ٹی وی کا نظام ایس ڈی تھا، اس وجہ سے آواز میں کچھ خلل آیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد وزیراعظم کی تقریر کو اندھیرے میں چلانا نہیں تھا۔اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے پیمرا کی جانب سے کچھ چینلز کے سیریل نمبروں کی تبدیلی پر بھی تنقید کی اور ٹی وی اینکر سمیع ابراہیم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ۔

چیئرمین کمیٹی جاوید لطیف نے سیکرٹری اطلاعات و نشریات کو ہدایات دیں کہ میڈیا ملازمین کے بقایاجات سے متعلق جامع پلان پیش کریں ۔کمیٹی نے میڈیا مالکان کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے پر آئندہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں