ممتاز ا دیبوں کا چار رکنی وفد چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کی دعوت پر بیجنگ پہنچ گیا

منگل 18 جون 2019 19:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) اکادمی ادبیات پاکستان کے ممتاز ا دیبوں کا چار رکنی وفد چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کی دعوت پر 5 روزہ دورہ پر چین اور پاکستان کے مابین پہلے سے طے شدہ کلچرل ایکسچینج کے معاہدے کے تحت بیجنگ پہنچ گیا ہے۔ پاکستانی ادیبوں کے وفد میں شاعر امجد اسلام امجد، ڈاکٹر ادل سومرو، بشریٰ فرخ اور اکادمی ادبیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید شامل ہیں۔

پاکستانی وفد کی ملاقات چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل زحانگ چائو اور وو یاکن اور دوسرے اہم ممبران سے ہوئی جس میں دونوں اداروں کی بریفنگ کے بعد اکادمی ادبیات پاکستان اور چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان باہمی یادداشت پر دستخط، باہمی بنیادوں پر ادب کے تراجم اور دوسرے ادبی امور پر تبادلہ خیال اور اتفاق رائے پایا گیا۔

(جاری ہے)

اکادمی ادبیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل نے اکادمی کی طرف سے اکادمی کے ششماہی رسالہ ’’ پاکستانی لٹریچر‘‘ خصوصی شمارہ جلد نمبر12-13 (2007-08) چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کو چینی زبان میں ترجمہ کے سلسلہ میں پیش کیا اور چین کے ادب کو پاکستانی زبانوں میں ترجمہ کے سلسلہ میں بھی یقین دہانی کرائی گئی۔ چائنا سائوتھ ایشیاء لٹریچر کا دوسرا فورم جو کہ اکتوبر 2019ء میں کھٹمنڈو نیپال میں ہونا طے پایا ہے، کے حوالہ سے پاکستان کی شرکت کو یقینی بنانے کے بارے میں بھی غور و خوض کیا گیا۔

وفد میں پاکستان کی طرف سے امجد اسلام امجد جیسے سینئر اور ممتاز شاعر کی وفد میں موجودگی کو سراہا گیا اور ان کی ادبی خدمات جو کہ چینی زبان میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں، ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ پاکستانی وفد کی جانب سے کتابوں اور دوسرے تحائف چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ اور دوسرے ممبران کو پیش کئے گئے اور بیجنگ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کیلئے کتابوں کا تحفہ دیا گیا۔ چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں چائنا کے ممتاز ادیب بھی شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں