امریکی فنڈڈ سکالرشپ پروگرام پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیم کے شعبہ میں پارٹنرشپ کی بہترین مثال ہے،امریکی قونصل جنرل

منگل 18 جون 2019 19:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) امریکی قونصل جنرل کولن کرین ویلگے نے کہا ہے کہ امریکی فنڈڈ میرٹ و مستحق سکالرشپ پروگرام (ایم این بی ایس پی) پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہائر ایجوکیشن تعلیم کے شعبہ میں پارٹنرشپ کی بہترین مثال ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو ایم این بی ایس پی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پروگرام میں گورنر پنجاب اور 70 سے زائد ذہین پاکستانی طلباء و طالبات نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد مستحق طلباء و طالبات کو مالی تعاون فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ قونصل جنرل نے کہا کہ ایم این بی ایس پی دونوں ملکوں کے درمیان ہائر ایجوکیشن کے شعبہ میں پارٹنر شپ کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت سارے ذہین اور برائٹ سکالر شپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اپنے ملک اور تمام انسانوں کیلئے ایک درخشان اور خوشحال مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ایم این بی ایس پی ہائر ایجوکیشن کمیشن، یو ایس ایڈ اور 30 پاکستانی جامعات کے مابین شراکت داری ہے۔ سکالرشپس میں ٹیوشن فیس، رہائش اور ٹیکسٹ بکس شامل ہیں جبکہ خوراک کیلئے وظیفہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے اس موقع پر کہا کہ سکالر شپ پروگرام میں زراعت، بزنس، انجینئرنگ، میڈیسن اور سوشل سائنسز سمیت پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر شعبوں پر توجہ دی گئی ہے۔ ہمارا مقصد ذہین طلباء، فیکلٹی اور ریسرچرز کیلئے مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ وہ ایک متحرک اور فعال معاشرہ تعمیر کر سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں