سکھر میں ہندو مذہب کے سالانہ میلہ ’’بابا بکھنڈی‘‘ کی تقریبات کا آغاز ہوگیا

بدھ 19 جون 2019 13:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) ہندو مذہب کے 156ویںتاریخی سالانہ میلہ ’’بابا بکھنڈی‘‘کی تقریبات کا آغاز ہوگیا،ہندوبراردری بڑی تعداد میں میلے میں شرکت کررہی ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترجمان کے مطابق مرکزی تقریب ہندو مذہب کے قدیمی استھان سادھو بیلہ مندر سکھر میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طارق وزیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ میئر سکھر محمد ارسلان شیخ ،کمشنر سکھر محمد رفیق ،آر پی او ڈاکٹر جمیل کے علاوہ مقامی سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی میلے میں شریک ہوئی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ چیئرمین بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کے احکامات کے مطابق ہندو برادری کی تمام مذہبی عبادگاہوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

سادھو بیلہ مندر فائبر بوٹ کی فراہمی اور تزئین آرائش کو تعمیر ومرمت سمیت مندر میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔انہوںنے مزید کہا کہ چیئرمین بورڈ کے احکاما ت کے مطابق کٹاس راج مندر چکوال ،کرشنا مندر راوی روڈ اور پاکستان بھر میں موجود ہندو مذہب کے قدیمی استھانوں و عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔

تقریبات کے دوران ہندو برادری کے افراد نے مذہبی روایا ت کے مطابق بوجا کی اور بھجن گائے ،ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور قیام امن کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی نے مزید بتایا کہ یہ میلہ ہر سال ہندو مذہب کے بابا بکھنڈی مہاراج کی برسی کے موقع پر سکھر کے مقام پر دریائے سندھ میں واقع سادھو بیلہ مندر میں منعقد کیا جاتا ہے جس میں ملک بھر سے سینکڑوں ہندو مرد و خواتین شرکت کرتے ہیں۔

مقررین نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے اقدامات کی خوب الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو جو عزت پاکستان میں حاصل ہے وہ کسی اور ملک میں نہیں ۔سیکرٹری بورڈ سمیت تقریب میں شرکت کرنے والے مختلف شخصیات کو خصوصی تحائف پیش کیے گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں