پاکستانی ادیبوں کے وفد کا دورہ چین پاکستانی ادب کو چین کے ادبی حلقوں میں متعارف کرانے میں معاون ثابت ہو گا، سفیر مسعود خالد

جمعرات 20 جون 2019 17:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) پاکستانی ادیبوں کے وفد کا دورہ چین پاکستانی ادب کو چین کے ادبی حلقوں میں متعارف کرانے میں معاون ثابت ہو گا اور چینی ادیب پاکستانی ادب سے شناسائی حاصل کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار بیجنگ (چین) میں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے اکادمی ادبیات پاکستان کے زیرِ اہتمام پاکستانی ادیبوں امجد اسلام امجد، ڈاکٹر ادل سومرو، بشریٰ فرخ اور اکادمی ادبیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید پر مشتمل چار رکنی وفد جو چین اور پاکستان کے مابین کلچرل ایکسچینج معاہدے کے تحت چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن (سی ڈبلیو ای) کی دعوت پر چین کے 5 روزہ دورے پر ہے، کے پاکستانی سفارتخانہ کے دورہ کے موقع پر کیا۔

مسعود خالد نے چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کی دعوت پر پاکستانی وفد کے دورہ چین کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دورہ میں پاکستانی ادب کے فروغ کے حوالہ سے چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن اوراکادمی ادبیات پاکستان کے مابین ایک باہمی یادداشت پر دستخط کئے جانے چاہئیں جس کی روشنی میں ادبی سرگرمیوں کو بطریق احسن مزید اُجاگر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ڈپٹی چیف آف مشن ممتاز زہرا بلوچ، فرسٹ سیکرٹری راحیل طارق اور عملے کے دیگر ارکان موجود تھے۔ پاکستانی وفد کی جانب سے پاکستانی سفیر اور عملے کے ارکان کو اکادمی ادبیات پاکستان کی شایع کردہ کتب کے سیٹ پیش کئے گئے۔ پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں