حیدرآباد اسٹیشن پر حا دثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیورز کی لا پرواہی اور غفلت سے پیش آیا ،ابتدائی رپورٹ

سیکرٹری/چیر مین وزارت ریلوے کا فیڈرل گورنمنٹ انسپیکٹر ریلوے کو تحقیقات کا حکم وزیر ریلوے کی سی ای او ریلوے کو تحقیقاتی رپورٹ اگلے چوبیس گھنٹے میں مرتب کرنے کی ہدایات جاری

جمعرات 20 جون 2019 23:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2019ء) حیدرآباد اسٹیشن پر پیش آنے والے ٹرین حادثہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق حا دثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیورز کی لا پرواہی اور غفلت سے پیش آیا ہے،سیکرٹری/چیر مین وزارت ریلوے نے فیڈرل گورنمنٹ انسپیکٹر ریلوے کو تحقیقات کا حکم دیدیا ہے جبکہ وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے سی ای او ریلوے کو تحقیقاتی رپورٹ اگلے چوبیس گھنٹے میں مرتب کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پاکستان ریلوے ٹرین حادثہ میں سیکرٹری/چیرمین ریلویز کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گزشتہ شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے حیدرآباد اسٹیشن پر کراچی سے لاہور جانے والی جناح ایکسپریس کا انجن کھڑی ہوئی ساہیوال کول سپیشل ٹرین کو پیچھے سے ٹکرا گیا۔

(جاری ہے)

ٹکر ہونے سے جناح ایکسپریس کا انجن بری طرح تباہ ہوگیا جس سے ٹرین کا ڈر ائیور اور دو اسسٹنٹ ڈرائیورزموقع پر ہی جان بحق ہو گئے۔

حادثے میں کول ٹرین کا گارڈ بھی شدید زخمی ہوا ہے، جبکہ مال گاڑی کی پاور وین اور ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچا۔ جان بحق ہونے والوں میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اسلم چانڈیو اور دو معاون ڈرائیورز یاسر بشیر اورنعمان شاہ شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے گارڈ کا نام عمران شاہ ہے جسے قریبی ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہیں اور وہ خطرے سے باہر ہے۔

حادثے میں کسی بھی مسافر کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خدشہ ہے کہ حادثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیورز کی لا پرواہی اور غفلت سے پیش آیا۔ غفلت برتتے ہوئے ڈرائیور اور دونوں معاون ڈرائیورزنے حیدر آباد اسٹیشن پر خود کار سگنل کو یکسر نظرانداز کیا جس سے جناح ایکسپریس کے انجن کی مین لائین پر کھڑی ساہیوال کول اسپیشل ٹرین سے ٹکر ہوئی۔

سیکرٹری/چیر مین وزارت ریلوے نے فیڈرل گورنمنٹ انسپیکٹر ریلوے کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ جبکہ وزیر ریلوے کی جانب سے سی ای او ریلوے کو تحقیقاتی رپورٹ اگلے چوبیس گھنٹے میں مرتب کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ شام ساڑھے چھ بجے تک کراچی کی طرف جانے والی ٹریفک کو مکمل بحال کر دیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری لائین کی بحالی کے لئے کام جاری ہے۔ اپ اور ڈاؤن کی ٹریفک کو فی الحال ایک ہی لائن سے گزارہ جا رہا ہے۔

ٹریفک جاری ہے۔اور دو ظرفہ ٹریفک نصف شب تک بحال کر دیا جائے گا۔ سیکرٹری / چیرمین ریلویز نے جی ایم پاکستان ریلویز کو فوری طور ہر جائے حادثہ پہنچنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ جائے حادثہ پر ٹرین بحالی کا کام جاری ہے۔ جناح یکسپریس کو متبادل انجن کے ذریعے لاہور کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں