کثیر الجماعتی کانفرنس مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے روزگار کی تلاش کا وسیلہ ہے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ

پیر 24 جون 2019 21:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ کثیر الجماعتی کانفرنس مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے روزگار کی تلاش کا وسیلہ ہے۔ِکانفرنس کا یک نکاتی ایجنڈا ہے کہ مولانا کے روزگار کا کسی طرح کوئی بندوبست کیا جائے۔ پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بلائے جانے والے اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے مولانا فضل الرحمٰن حکومتوں کا حصہ بن کر کرپشن کے مال سے ’’گزر بسر‘‘ کیا کرتے رہے لیکن عوام کی جانب سے عام انتخابات میں مسترد کئے جانے کے بعد سے بے روزگار ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کی وفاداریوں کا کوئی خریدار نہیں بچا تو مزاحمت کی دکان کھولنے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو اپنے کارکن کرائے پر دیکر اپنا ’’روزگار‘‘ چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن جن سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں انکے اپنے گھر میں تقسیم اور لڑائی ہے۔ قوم لوٹ مار کے مال کی واپسی چاہتی ہے اور حکومت حزب اختلاف کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں۔عمر چیمہ نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے بلوائی جانے والی ’’کثیرالجماعتی کانفرنس‘‘ کے بعد بھی ان کی بے روزگاری کے بادل چھٹنے کی امید نہیں،ان کیلئے مفت مشورہ ہے کہ وہ 2023 تک کا وقت توبہ کرنے اور اپنی اصلاح میں گزاریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں