ایک دوسرے پر کفر کے فتوے نہیں لگانے چاہئیں، بجٹ پر بات کریں‘ قوم کے مفاد میں بات کریں اور اپنے گریبان میں جھانکیں، وزیر مملکت علی محمد خان

منگل 25 جون 2019 18:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے پر کفر کے فتوے نہیں لگانے چاہئیں‘ جو لوگ تین بار حکومت میں رہے اور عوام کے مسائل حل نہیں کر سکے اب وہ مسائل عمران خان حل کر رہے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت علی محمد خان نے محمد سجاد کے اپنی تقریر میں الزامات اور قابل اعتراض خطاب کے جواب میں نکتہ وضاحت پر کہا کہ ایوان کے دونوں اطراف غلام رسول ہیں‘ ہمارا وزیراعظم ایسا ہے جو سرکار مدینہ کی حاضری کے لئے ننگے پائوں جاتے ہیں۔

عمران خان جب سیاست میں نہیں تھے تو ہندوستان میں صرف اس وجہ سے کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا کہ اس میں ملعون سلمان رشدی کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پہلا وزیراعظم ہے جس نے عالمی سطح پر آکر پوری دنیا کو بتایا کہ ہم مسلمان ہیں اور ہمارے پیارے نبی کریمﷺ کا بہت بڑا مقام ہے۔ ہمیں ایک دوسرے پر کفر کے فتوے نہیں لگانے چاہئیں۔ بجٹ پر بات کریں‘ قوم کے مفاد میں بات کریں اور اپنے گریبان میں جھانکیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ تین بار حکومت میں آئے اور لوگوں کے مسائل حل نہیں کر سکے اب وہ مسائل عمران خان حل کر رہے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلا وزیراعظم بنا ہے جو مدینہ کی ریاست کی بات کرتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں