غریب کاشتکار کو ریلیف دینے کے لئے زرعی قرضوں پر شرح سود کم کرکے 9 فیصد کیا جائے‘

کھاد پر سبسڈی دی جائے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

منگل 25 جون 2019 18:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا ہے کہ غریب کاشتکار کو ریلیف دینے کے لئے زرعی قرضوں پر شرح سود کم کرکے 9 فیصد کیا جائے‘ کھاد پر سبسڈی دی جائے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ 1985ء سے پہلے پاکستان کی سیاست میں کرپشن نام کی کوئی چیز نہیں تھی‘ نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے لئے چھانگا مانگا اور خرید و فروخت کی بنیاد رکھی‘ وہی کرپشن کا سلسلہ گزشتہ دس سالوں سے شہباز شریف تک جاری رہا۔

چوہدری پرویز الٰہی نے گوجرانوالہ میں دل کا ہسپتال بنایا مگر انہوں نے اپنے دور میں صرف اس لئے دس فیصد رقم خرچ کرکے وہ مکمل نہیں کیا کیونکہ اس پر پرویز الٰہی کی تختی لگی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس طرح کی سوچ رکھنے والے اور سیاسی مخالفین کو کچلنے والوں کی اپنی داستانیں ہیں۔ شہباز شریف نے پانچ وزیراعلیٰ ہائوس ڈیکلیئر کئے ہوئے تھے۔ انہوں نے رائے ونڈ پر سرکاری رقوم خرچ کیں اور شہنشاہ بنے رہے۔

انہوں نے لاہور کے علاوہ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد اور پنڈی ڈویژنز کو مسلسل نظر انداز کیا۔ مسلم لیگ (ن) نے دس سالوں سے حکومت میں رہنے کے باوجود ایک ڈیم بھی نہیں بنایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پچھلے ادوار میں جو جو حکمران رہے اور انہوں نے ڈیم نہیں بنائے ان کا محاسبہ کیا جائے۔ ان کی بنائی ہوئی جنگلہ بس سے پنجاب کا روزانہ تین کروڑ ضائع ہو رہا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ غریب کاشتکار کو ریلیف دینے کے لئے زرعی قرضوں پر شرح سود کم کرکے 9 فیصد کی جائے‘ کھاد پر سبسڈی دی جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں