پاک چائنہ سینٹر میں دو روزہ تعلیمی نمائش شروع

منگل 25 جون 2019 19:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) پاک چائنہ سینٹر میں دو روزہ تعلیمی نمائش کا آغاز ہو گیا ہے۔ نمائش کے پہلے روز طلباء، والدین، اساتذہ اور فیکلٹی ممبران کی ایک بڑی تعداد نے نمائش میں شرکت کی اور نمائش میں لگائے گئے سٹالز میں گہری دلچسپی لی۔ ایکسپو کا اہتمام ایک بڑے میڈیا گروپ نے کیا جس میں ملک بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں نے اپنے سٹال لگائے جبکہ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور یورپ کے تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلباء کو داخلوں کے لئے معاونت فراہم کرنے والی فرم نے بھی اپنے سٹال لگائے ہیں۔

نمائش کا اہتمام کرنے والے میڈیا گروپ نے بتایا کہ یہ ان کا سالانہ ایونٹ ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی ملک بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں نے اس میں اپنے سٹال لگائے ہیں۔

(جاری ہے)

نمائش کا مقصد طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے لئے مضامین اور یونیورسٹی کے انتخاب میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم محمد وسیم نے کہا کہ وہ یونیورسٹی میں داخلہ کے خواہشمند ہیں اور اس نمائش میں انہوں نے مختلف یونیورسٹیز کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا جس میں انہیں ان یونیورسٹیز کی جانب سے آفر کئے جانے والے پروگرامز اور دیگر معلومات حاصل ہوئیں جس سے انہیں اپنے مستقبل کے تعین میں مدد ملے گی۔

ایک اور طالب علم فواد حسین نے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے لئے بیرون ملک جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، نمائش میں انہیں بیرون ملک تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لئے معاونت فراہم کرنے والی کئی فرمز سے بات چیت کی جس سے انہیں مفید معلومات حاصل ہوئیں۔ نمائش کا دورہ کرنے والے طلباء اور ان کے والدین نے اسے مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نمائشوں کے انعقاد سے انہیں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں کام کرنے والے مختلف اداروں اور یونیورسٹیز کا ایک ہی چھت کے نیچے وزٹ کرنے کا موقع ملا ہے اور وہ بہتر انداز سے اپنے کے لئے ایک بہتر تعلیمی ادارے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں