این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام قومی کانفرنس برائے تیاری مون سون کا انعقاد

منگل 25 جون 2019 22:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے زیر اہتمام منگل کے روز اسلام آباد میں مون سون سے پہلے اداروں کی جانب سے ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کی تیاریوں کے جائزہ کے حوالے سے قومی کانفرنس برائے تیاری مون سون کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس کا مقصد مو ن سون کی تیاری کے لیے کیے گئے تمام اقدامات کا جائزہ لینا اور صوبائی اداروں اوردیگر محکموں کے درمیان سیلاب سے نمٹنے، امدادی کارروائیوں اور سیلاب کے بعد بحالی کے لیے قومی، صوبائی اور علاقائی سطح پر تمام متعلقہ منصوبوں کی بابت ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔

کانفرنس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کی۔ انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام معاون اداروں کو اجتماعی طور پر تیاری کے حوالے سے اقدامات کرنے میں مدگار ثابت ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ادارے عوام کی فلاح و ترقی کے لیے کوشاں ہیں اور ہمیں بھی آفات سے نمٹنے کے شعبہ میں مؤثر اقدامات کے ذریعے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

ا نہوں نے مزید کہا کہ آفات سے نمٹنے کے روایتی نظام کے علاوہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی مرتب کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ موسمی تغیرات کی وجہ سے گرمی کی شدت میں بھی بدستور اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اس سال بارشوں کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ ہو سکتا ہے جس کے لیے شہری اور ضلع انتظامیہ کو ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔

محکمہ موسمیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل نے کانفرنس کے شرکا کو مون سون میں بارشوں اور موسم کے حوالے سے پیشنگوئی سے آگاہ کیا اور مختلف علاقوں میں بارشوں کے ممکنہ تناسب کے بارے میں معلومات دیں۔ تمام صوبائی اور علاقائی سطح پر آفات سے نمٹنے کے اداروں کے نمائندگان نے اپنے متعلقہ خطوں میں ممکنہ خطرات اور اس نے نمٹنے کے لیے کیئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا۔

وفاقی کمیشن برائے سیلاب کی جانب سے تمام صوبوں کو درپیش خطرات کی طرف خاص توجہ دلاتے ہوئے ڈیم منیجمنٹ کے لیے پالیسی کی ضرورت پر زور دیا۔ نیشنل ہائی ویزے اتھارٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی خصوصاً قراقرم ہائی وے، گلگت سکردو روڈ، دیر چترال روڈ، راولپنڈی۔ مری۔ مظفرآباد روڈ اورمانسہرہ۔ ناران روڈ کے لیے اپنے اقدامات کو پیش کیا۔

یو این او سی ایچ اے نے پاکستان میں وسائل، صلاحیت اور معاونت کے طریقہ کارکی بابت معلومات کا تبادلہ کیا۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے ممبر آپریشن این ڈی ایم اے نے مون سون 2019 سے متعلق ہنگامی صورت حال کے رد عمل کے لیے ہدایات پیش کی گئیں۔ انہوں نے ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے جامع پلان پیش کیا اور این ڈی ایم اے کی جانب سے کی گئی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے تمام معاون اداروں سے مؤثر اقدامات کے ذریعے عوام کے تحفظ کے یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ممبر آپریشن این ڈی ایم اے نے شراکاء کو ویئر ہائوس کی استعداد میں اضافے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کو محفوظ بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج ہم 2010 کے مقابلے میں زیادہ تیار اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس کے باوجود ہمیں آفات سے نمٹنے کے شعبہ میں مزید بہتری لانا ہو گی اور صلاحیت میں اضافہ کے لیے کوششیں جاری رکھنا ہو ں گی تاکہ ہم آفات سے محفوظ پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں