منگلا کے مقام پر بلند، دریائے راوی اور چناب کے ندی نالوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

منگل 16 جولائی 2019 21:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے ملک میں جاری مون سون سیزن اور بارشوں کی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں و شراکت داروں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ منگل کو این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق 16 جولائی سے 19 جولائی کے دوران منگلا کے مقام پر بلند درجے کے سیلاب جبکہ دریائے راوی اور چناب کے ندی نالوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔

اسی طرح ڈیرہ غازی خان کے برساتی نالوں میں طغیانی کے علاوہ راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور کے اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کے اعلامیہ کے مطابق تمام بڑے شہروں بشمول راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودہا، لاہور، ملتان اور پشاور کے متعلقہ محکموں کو نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے اور اس کی صفائی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح آبی گزرگاہوں کے قرب و جوار میں مقیم آبادیوں کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ موسم کی مناسبت سے خطرناک عمارتوں، بجلی کی تنصیبات سے دور رہنے اور ندی نالوں میں نہانے اور انہیں عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثناء وادی نیلم میں ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کے بعد ریسکیو اور امداد کے ادارے مصروف کار ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں