دینی مدارس کے نظام کی اسناد کے مساوی سسٹم کے تعین کیلئے وفاق المدارس اور ایچ ای سی کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری

منگل 16 جولائی 2019 22:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا ہے کہ ملک میں چار سالہ بی ایس پروگرام متعارف کرائے جانے کے بعد دینی مدارس کے نظام کی اسناد کے مساوی سسٹم کے تعین کیلئے وفاق المدارس اور ایچ ای سی کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق صدر تنظیم المدارس اہل سنت مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں مختلف دینی مدارس کے بورڈز کے نمائندگان نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری سے کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔

وفد میں مولانا حنیف جالندھری، مولانا عبدالمالک ، ڈاکٹر عطاء الرحمن اور علامہ افضل حیدری شامل تھے۔ ملاقات میں دو سالہ بی ای/بی ایس سی اور ایم ای/ایم ایس سی پروگراموں کی بندش اور چار سالہ بی ایس پروگرام میں تبدیلی سے تسلیم شدہ دینی مدارس کے طلباء کے مستقبل کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے ہائیر ایجوکیشن کمیشن شہادت العالیہ فی العلوم العربیہ والاسلامیہ ا ور شہادت العالمیہ فی العلوم العربیہ والاسلامیہ کی دینی اسناد کو بتدریج بی اے اور ایم اے کے مساوی تسلیم کرتا ہے۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے اب دو سالہ بی اے اور ایم اے پروگرام ختم کر تے ہوئے چار سالہ بی ایس پروگرام اور دو سالہ ایسو سی ایٹ ڈگری پروگرام متعارف کرائے ہیں۔ اس تبدیلی کا مقصد پاکستانی جامعات کے فارغ التحصیل طلباء میں عمومی تعلیم، خصوصی مضمون کا علم اور عملی ہنر جیسی تین طرح کی قابلیت پیدا کرنا ہے۔ اس کا اطلاق جس طرح جامعات کے طلباء پر ہوتا ہے اسی طرح یہ دینی مدارس کے طلباء کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔

مفتی منیب الرحمن نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ گریجویٹ پروگرام کو مستحکم کرنے کی اشد ضرورت تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس کے بورڈز کے نمائندگان اٹھارویں ترمیم کے بعد سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ تعلیم کیلئے مرکزی کردار کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور وفد کے دیگر اراکین یہ چاہتے ہیں کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی سازی سے مدارس کے طلباء کو مستقبل میں کوئی مسئلہ نہ درپیش ہو۔

ڈاکٹر طارق بنوری نے وفد کی مستقبل بینی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مشترکہ کمیٹی بنائیں گے جس کے تحت حال ہی میں کی گئی تبدیلی کے بعد دینی اسناد کے مساوی سسٹم کا تعین کیا جا سکے گا۔ مفتی منیب الرحمن نے وفد کی گزارشات پر غور کرنے اور اعلیٰ تعلیمی سیکٹر کی بہتری کیلئے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اقدامات کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں