پاکستان پائیدار ترقی اور 2030ء کے ایجنڈے کیلئے رکھے گئے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے،

وزیراعظم عمران خان کی حکومت ملک میں ہیومن ڈویلپمنٹ کو تیز کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف پروگراموں کا آغاز کیا گیا ہے پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ و ترقی کنول شوزب کا پائیدار ترقی اور 2030ء کے ایجنڈے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

بدھ 17 جولائی 2019 17:11

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ و ترقی کنول شوزب نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار ترقی اور 2030ء کے ایجنڈے کیلئے رکھے گئے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت ملک میں ہیومن ڈویلپمنٹ کو تیز کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف پروگراموں کا آغاز کیا گیا ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے پلاننگ و ترقی کنول شوزب نے یہاں اقوام متحدہ میں اعلیٰ سطحی سیاسی فورم پر غربت کے خاتمہ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ اس بارے میں اجلاس اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل نے طلب کیا تھا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون اور انصاف کے چئیرمین ریاض فتیانہ، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون اور انصاف ملیکہ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی بھی موجود تھیں اور انہوں نے مندوبین کی جانب سے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔ کنول شوزب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں پائیدار ترقی کے بارے میں مختلف اہداف کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور انہوں نے اس ضمن میں انسانی ترقی اور غربت کے خاتمے کی جانب بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

وزیراعظم نے تاریخ میں پہلی بار انسانی ترقی کے حوالہ سے بھرپور اقدامات کرنے کا اظہار کیا۔ کنول شوزب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جن پروگراموں کا آغاز کیا گیا ہے، ان میں احساس پروگرام، کامیاب نوجوان پروگرام، صحت انصاف کارڈ کے علاوہ تحفظ اور کفالت سکیمیں شامل ہیں۔ ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ، کم لاگت کی ہائوسنگ سکیم بھی شروع کی گئی ہیں جن کا مقصد غربت کا خاتمہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی پالیسیاں پائیدار ترقی کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کر رہی ہے اور وہ سماجی شعبہ میں بھرپور تبدیلی جبکہ حکومتی اداروں اور گورننس کو بہتر بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے مضبوط اداروں کا ہونا ضروری ہے۔ پاکستان اس مقصد کے حصول کیلئے اداروں کو مضبوط کر رہا ہے اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پائیدار ترقی اور 2030ء کے ایجنڈے کیلئے رکھے گئے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں