اسلام آباد کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

جمعرات 18 جولائی 2019 23:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی ای) اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی، تجاوزات مافیا سے واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی اور آئی 12 میں بند کی گئی ڈمپنگ سائٹ، تفریحی مقامات اور گرین بیلٹوں پر 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، مہم کا باقاعدہ آغاز جولائی کے آخری ہفتہ سے شروع کر دیا جائے گا جو ستمبر کے وسط تک جاری رہے گی۔

سی ڈی اے ذرائع نے جمعرات کو یہاں ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اہم شاہراہوں اور پراجیکٹ کی سائٹس کی گرین بیلٹوں اور درمیانی پٹیوں کے علاوہ کشمیر ہائی وے اور اسلام آباد ایکسپریس وے کے اطراف میں واگزار کرائی گئی جگہوں اور کھلے مقامات پر شجرکاری کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی حکام نے سی ڈی اے کے اشتراک سے کی جانے والی موسم برسات کی شجرکاری مہم میں مختلف نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کے طلباء، تاجر اور مزدور تنظیموں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا اور پودوں کی دیکھ بھال کا خصوصی انتظام کیا جائے گا۔

مختلف این جی اوز، چیمبر آف کامرس، سکولوں کے بچوں اور دیگر سرکاری دفاتر کے ملازمین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔ اسلام آباد کی تمام بڑی شاہرائوں اور رہائشی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے تاکہ اسلام آباد کو ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔آمدہ موسم برسات کی شجرکاری مہم کے دوران اسلام آبادمیں پانچ لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں بشمول اسلام آباد ایکسپریس وے، 10th اور 11th ایونیو، آئی9-، آئی10- اور آئی11- کی گرین بیلٹس، تمام مراکز اور سائیٹس سمیت تمام پارکوں میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک ایریا اور سملی ڈیم کے گردونوح میں پودے لگانے کے لئے انوائرمنٹ شعبہ کو پہلے ہی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ شجر کاری مہم کے دوران اسلام آباد کے ہر سیکٹر میںسایہ دار اور پھلدار پودے لگائے جائیں گے جبکہ پری مون سون کے دوران سول سوسائٹی کے اشتراک سے آئی بارہ میں ڈمپنگ سائٹ پر شجرکاری پہلے ہی شروع کی جا چکی ہے۔

چیڑ، پائن، کچنار، املتاس، دہریک ، جیکرانڈہ، زیتون اور جامن وغیرہ کے پودے سی ڈی اے اور دیگر اداروں کی نرسریوں سے تیار کرائے گئے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مہم کے دوران لگائے جانے والے پودے پوری طرح پرورش پا کر اسلا م آباد کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں