شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد (ن) لیگ شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، عمر سرفراز چیمہ

جمعرات 18 جولائی 2019 23:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد (ن) لیگ شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ایک اہم قومی ادارے کی جانب سے کی گئی کارروائی کے خلاف بے سروپا بیانیہ پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ بات تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگی رہنمائوں کی جانب سے اب تک کی جانے والی گفتگو میں شاہد خاقان عباسی پر لگے الزامات کے جواب میں ایک لفظ نہیں بولا گیا، سارا زور اس بات پر لگایا جا رہا ہے کہ وارنٹ واٹس ایپ پر موصول ہوئے یا فوٹو کاپی پر گرفتار کیا گیا، (ن) لیگ کے پاس صفائی پیش کرنے کا اچھا موقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے شاہد خاقان عباسی دھمکیاں دینے اور بلیک میل کرنے کی بجائے نیب کے سامنے اپنی صفائی میں شواہد اور ثبوت پیش کریں گے، عوام سے توقع ہے کہ وہ کرپٹ اور بددیانت کرداروں کو بچانے میں دلچسپی لیں گے، سراسر حماقت ہے، قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والوں کے احتساب کا مینڈیٹ عوام نے دیا، پیچھے نہیں ہٹیں گے، الزام تراشی سے مرعوب ہوئے بغیر آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے بطور حکومت اپنا کام کرتی رہے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں