معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کی سینئر ٹیم کے ساتھ فلیگ شپ پروگرام ’’احساس‘‘ پر عملدرآمد کی منصوبہ بندی کیلئے کام کا آغاز کر دیا

جمعہ 19 جولائی 2019 19:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت کا خاتمہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) کی سینئر ٹیم کے ساتھ حکومت پاکستان کے فلیگ شپ پروگرام احساس پر عملدرآمد کی منصوبہ بندی کیلئے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پی پی اے ایف کی سینئر ٹیم سے ملاقات کی جس میں پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قاضی عظمت عیسی، غربت کے خاتمہ اور سماجی تحفظ ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری کیپٹن (ر) اسد اللہ خان، پی پی اے ایف کے سینئر گروپ ہیڈ عامر نعیم، پی پی اے ایف کے سینئر گروپ گریجویشن پروگرام صائمہ لیاقت علی خان نے شرکت کی۔

پی پی اے ایف حکومت کے نیشنل پاورٹی گریجویشن اقدام پر عملدرآمدکی اہم ایجنسی ہے جس کا افتتاح وزیراعظم نے احساس پروگرام کے تحت دو ہفتے قبل کیا اور یہ احساس کے دوسرے ستون کا ایک اہم جزو ہے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقات کو روزی کمانے کے مواقع اور سماجی تحفظ کی فراہمی ہے۔ ملاقات کے دوران پی پی اے ایف کی جانب سے اس کے مشن، وژن اور حکمت عملی پر روشنی ڈالی گئی۔

غریب اور کمزور افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے اس کی خدمات کا جائزہ لیا گیا۔ مائیکرو فنانس سیکٹر ڈویلپمنٹ اور غربت کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کاوشوں سمیت اس کے دیگر اہم اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملک بھر میں سینکڑوں اور ہزاروں افراد کی زندگیوں میں سماجی و معاشی تبدیلی لانے کے حوالے سے پی پی اے ایف کے کردار کو بے حد سراہا اور ملک میں سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کیلئے حکومت کیساتھ اشتراکی کوششوں پر بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ پی پی اے ایف ایک وسیع پیمانے پر غریب اور پسماندہ افراد کیلئے ایک مستحکم سماجی تحفظ اور ذریعہ معاش کی بنیاد فراہم کرنے میں قلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ پی پی اے ایف حکومت کے بلاسود قرضہ فراہم کرنے کے پروگرام کو بھی چلارہا ہے جس کیلئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ احساس بلاسود قرضے کا آغاز ہوتے ہی پی پی اے ایف نے 80,000 روپے ماہانہ کے حساب سے قرضوں کی تقسیم شروع کر دی ہے۔

بلاسود قرضوں کی سکیم کے تحت آسان شرائط اور اہلیت کے معیار پر نیا کاروبار شروع کرنے کیلئے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وہ سماجی تحفظ کے شعبہ کی ترقی کیلئے پُرامید اور پُراعتماد ہیں۔ معاون خصوصی نے پی پی اے ایف کے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو بھی سراہا جو عوام کیلئے دستیاب ہوگا تاکہ وہ حکومت کے سماجی تحفظ کے اقدام سے مستفید ہوں اور بہتر فیصلے کرسکیں۔ انہوں نے دیگر سماجی تحفظ کے اداروں کیساتھ اشترک سے غریب افراد کو غربت سے باہر نکالنے اور انہیں خوشحال بنانے کی کوششوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں