جمہوریہ کوریا کا صوبہ سندھ میں ایچ آئی وی وباء کی روک تھام کے عالمی ادارہ صحت کے پروگرام کیلئے ایک لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا فیصلہ

جمعہ 19 جولائی 2019 20:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) جمہوریہ کوریا کی حکومت نے پاکستان کے صوبہ سندھ میں ایچ آئی وی وباء کی روک تھام کے عالمی ادارہ صحت کے پروگرام کیلئے ایک لاکھ ڈالر کی انسانی بنیادوں پر امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کوریا عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں ایچ آئی وی وائرس کی روک تھام کے پروگرام میں تعاون کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

ایچ آئی وی کی یہ وبا لاڑکانہ ضلع میں پھیلنے کا انکشاف ہوا تھا اور 13 جولائی 2019ء کو 935 افراد میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی جن میں 15 سال سے کم عمر کے 760 بچے شامل ہیں جن کی شرح 82 فیصد بنتی ہے۔ پاکستان میں عالمی ادارہ کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے اس سلسلہ میں پروگرام کیلئے تعاون حاصل کرنے کیلئے اسلام آباد میں کوریا کے سفیر کواک سنگ کیو سے 10 جولائی کو ملاقات کی اور انہیں لاڑکانہ ضلع میں ایچ آئی وی کی وباء سے متعلق پروگرام سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ایچ آئی کی وباء کے تیزی سے پھیلنے اور بچوں کی اکثریت متاثر ہونے سے متعلق گہری تشویش اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کورین سفارتخانہ نے سیئول میں حکومت کو عالمی ادارہ صحت کے ایک عظیم مقصد میں شامل ہونے کیلئے آمادہ کرنے میں تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ جنوبی کوریا کے عزم کے باوجود عالمی ادارہ صحت کے اس منصوبہ کیلئے فنڈنگ کی شدید قلت ہے جس کیلئے 2 برسوں میں ایچ آئی وی کے پھیلائو کی روک تھام اور تدارک کیلئے 4.5 ملین ڈالر کی خطیر رقم درکار ہو گی تاکہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد بالخصوص بچوں میں وائرس کے پھیلائو میں کمی لائی جا سکے۔

ڈاکٹر ماہی پالا کو اسلام آباد میں کوریا کے سفیر کواک سنگ کیو نے 18 جولائی کو جنوبی کوریا کے عالمی ادارہ صحت پروگرام کیلئے تعاون کے فیصلہ سے آگاہ کیا اور کہا کہ توقع ہے کہ دیگر حکومتیں اور بین الاقوامی غیر سرکاری ادارے پاکستان میں ایچ آئی وی کی روک تھام کیلئے عالمی ادارہ صحت کی کوششوں میں جنوبی کوریا کا ساتھ دیں گے۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ نے جنوبی کوریا کی طرف سے گرانقدر تعاون کو سراہا اور کہا کہ اس امداد سے ضلع لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کی وباء کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں