سماجی رابطوں کی ویب سائٹس، سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گستاخانہ مواد کی تشہیر کی مذمت کرتے ہیں،سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف

جمعہ 19 جولائی 2019 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے تشکیل دی گئی سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔کمیٹی نے سوشل میڈیا اور مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بنی کریم ؐ،صحابہ کرام کی شان اور دیگر الہامی مذاہب کے بارے میں گستاخانہ مواد کی اشاعت کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کوئی بھی مذہب یا عقیدہ اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔

سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کمیٹی کو اس بات پر شدید تشویش ہے کہ اس طرح کے واقعات زور پکڑ رہے ہیں اور اس سلسلے میں مناسب پالیسی کا ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو طلب کر لیا ہے تاکہ ایسی ویب سائٹس کو بلاک کیا جائے اور ان افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جوبنی کریم ؐصحابہ کرام کی شان، الہامی مذاہب اور عقائد کا مذاق اڑاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کمیٹی کے اب تک 7 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جس میں پی ٹی ایم کی قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیرستان قومی جرگے کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی اور کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ مذاکرات اور گفت وشنید کا عمل جاری رکھے گی کیونکہ ہمارے مسائل کا حل ہی مذاکرت میں پوشیدہ ہے۔بیرسٹر سیف نے کمیٹی کو اب تک کی ہونے والے پیش رفت پر تفصیلی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی صوبائی حکومت، گورنر خیبر پختونخواہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ بھی رابطہ کرے گی تاکہ ان معاملات کو جن کا تعلق صوبائی حکومت کے ساتھ ہے پر پیش رفت ہو سکے۔اراکین کمیٹی نے بیرسٹر سیف کے نقطہ نظر کی بھر پور حمایت کی اور کہا کہ یہ بنیادی طور پرایک مقدس کام ہے اور اس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

اراکین نے مسائل کے پر امن حل پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اگر جسم کے کسی حصے میں زخم ہو جائے تو اس کا علاج کیا جاتا ہے اور جن طبقات کو محرومیوں کا سامنا ہے ان کے مسائل کا حل مل جل کر ہی تلاش کیا جاسکتا ہے۔کمیٹی کے اراکین نے بیرسٹر محمد علی سیف کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ کمیٹی مشاورت کے ساتھ ان مسائل کو زیر بحث لائے گی اور ان کے حل کیلئے کوششیں کی جائیں گی جو ہماری قومی یکجہتی اور ترقی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑے کر سکتے ہیں۔

کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹر ز ڈاکٹر سکندر میندرو،خانزادہ خان، مولانا عبدالغفور حیدری، سردار محمد شفیق ترین،میرکبیر احمد محمد شاہی،اورنگزیب خان، سجاد حسین طوری،نصیب اللہ بازئی،ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی، سید محمد صابر شاہ،رانا مقبول احمد، فدا محمد، ثمینہ سعید اور دلاور خان نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں