سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو مہنگائی اور مشکلات کے سوا کچھ نہیںدیا، نفیسہ شاہ

لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں مگر سلیکٹڈ حکومت کی پوری توجہ حزب اختلاف کو دیوار سے لگانے پر ہے،پیپلز پارٹی ملک کو مشکلات کے طوفان سے نکالے گی،بیان

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو مہنگائی اور مشکلات کے سوا کچھ نہیںدیا، غریب کے لئے ایک وقت کی روٹی مسئلہ بن رہی ہے جبکہ متوسط طبقے کے لئے سفید پوشی کا بھرم رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ ہفتہ کو ایک بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم بجلی اور گیس کے بل جلاتے تھے مگر اقتدار میں آنے کے بعد بجلی اور گیس کے بلوں کی آڑ میں قوم کو لوٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ہنڈی کے ذریعے رقوم کی ترسیل پر اکسانے والے آج ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کر رہے ہیں۔ صنعتیں بند ہو رہی ہیں، لوگ بیروزگار ہو رہے ہیں مگر سلیکٹڈ حکومت کی پوری توجہ حزب اختلاف کو دیوار سے لگانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی سونامی عوام کے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ مگر اس میں سونامی معاشی تباہی بن کر عوام پر ٹوٹے گی۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ قوم بیدار ہو جائے اس مکار ، نااہل اور نالائق حکومت کے خاتمے کے لئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک کو مشکلات کے طوفان سے نکالے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں