بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل سے متعلق بیان انتہائی مایوس کن ہے، جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کا بھارت کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہوگیا ہے، اس سے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ رویئے کی عکاسی ہوتی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 17 اگست 2019 17:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل سے متعلق بیان انتہائی مایوس کن ہے اور اس سے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ رویئے کی عکاسی ہوتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ کو ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بھارتی وزیر دفاع کے بیان سے جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کا بھارت کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہوگیا ہے جسے ہم نے کبھی بھی کوئی اہمیت نہیں دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کابھارتی وعدہ ناقابل اعتبار ہے جسے بظاہر تسلیم نہیں کیا جا سکتا اور خصوصاً اس کاجنگی جنون اور فوج کی نقل وحرکت میں اضافہ ایسے تمام دعوئوں کے منافی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کے لئے کمان اور کنٹرول کے موثراقدامات تجویز کئے ہیں اوراس سلسلے میں کسی بھی مخاصمانہ اقدام سے گریز کیا ہے، پاکستان اپنے تحفظ کے لئے کم سے کم ایٹمی صلاحیت ہمیشہ برقرار رکھے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں